جہاز میں سوار آف ڈیوٹی پائلٹ نے طیارے کو بڑی تباہی سے بچا لیا

طیارے میں اچانک تکنیکی خرابی سے پائلٹس کو کچھ سمجھ نہ آیا،آف ڈیوٹی پائلٹ طیارے میں ہونے والی خرابی کو بھانپ گیا اور جہاز کے پائلٹس کو طریقہ کار بتایا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 21 مارچ 2019 13:20

جہاز میں سوار آف ڈیوٹی پائلٹ نے طیارے کو بڑی تباہی سے بچا لیا
انڈونیشیا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مارچ 2019ء) : مسافر جہاز میں آف ڈیوٹی پائلٹ نے طیارے کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ انڈونیشیا مسافر ہوائی جہاز میں لفٹ لینے والے آف ڈیوٹی پائلٹ نے طیارے کو بڑی تباہی سے بال بال بچا لیا۔انڈونیشیا کی فضائی کمپنی "لائن ائیر" کے ایک طیارے بوئنگ 737 میکس 8 میں دوران پرواز سنگین نوعیت کی تکنیکی خرابی آ گئی جس سے طیارہ زمین کی طرف گرنا شروع ہو گیا۔

اس طیارے میں ایک آف ڈیوٹی پائلٹ بھی سفر کر رہا تھا جو آن ڈیوٹی پائلٹس کے ساتھ کاکٹ پٹ جمپ سیٹ پر بیٹھا تھا۔طیارہ اڑانے والے پائلٹس کو کچھ سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ فلائٹ کنٹرول سسٹم میں آنے والی خرابی کو فوری طور پر کیسے دور کیا جائے۔یہ آف ڈیوٹی پائلٹ طیارے میں ہونے والی خرابی کو بھانپ گیا اور جہاز کے پائلٹس کو طریقہ کار بتایا جس سے وہ خرابی دور کرنے میں کامیاب ہوئے اور طیارہ پھر سے پرواز کرنے لگا۔

(جاری ہے)

۔آف ڈیوٹی پائلٹ نے جہاز کے عملے اور سینکڑوں مسافروں کی زندگیاں بچا لیں۔واقعے کے متعلق تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ اس طیارے کے فلائٹ کنٹرول سسٹم میں جو خرابی آئی وہ چند سال قبل انڈونیشیا کے ایک اور طیارے میں آنے والی خرابی سے مشابہہ تھی۔جس کے باعث طیارہ تباہ ہوا تھا اور طیارے میں سوار تمام مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔تاہم آف ڈیوٹی پائلٹ نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پورے طیارے کو تباہ ہونے سے بچا لیا۔

بصورت دیگر طیارہ تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ اور بھی بڑا نقصان ہو سکتا تھا۔جب کہ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ فرانس میں فضائی حادثات کے اسباب کی چھان بین کرنے والے ادارے بی ای اے کے ماہرین نے کہا ہے کہ ایتھوپیا میں تباہ ہونے والے بوئنگ میکس آٹھ طرز کے مسافر طیارے کے بلیک باکسز کا تجزیہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ماہرین نے بتایاکہ ایتھوپین ایئر لائنز کے مسافر طیارے اور لائن ایئر کے مسافر ہوائی جہاز کی تباہی کے واقعات میں بہت کچھ مماثل ہے۔

آٹھ دن پہلے ایتھوپیا میں اس ایئر کریش کی وجہ سے ایک سو ستاون اور چند ماہ قبل لائن ایئر کے طیارے کی تباہی کے نتیجے میں ایک سو نواسی افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ دونوں بوئنگ کمپنی کے میکس آٹھ طرز کے ہوائی جہاز تھے۔ ایتھوپین ہوائی جہاز کی تباہی کے بعد سلامتی کے خدشات کے باعث دنیا بھر میں ایسے تمام بوئنگ طیارے گراؤنڈ کر دئیے گئے تھے۔پانچ ماہ کے دوران بوئنگ 737 میکس8 ماڈل کے دو مسافر طیارے حادثے کا شکار ہوچکے ہیں۔ اتھوپین ایئرلائن کے طیارے بوئنگ 737 میکس8 کو حادثہ پیش آنے کے بعد متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا، ملائیشیا، عمان، منگولیا،برطانیہ، آئرلینڈ، فرانس، ہالینڈ، انڈیا، کویت، ایتھوپیا، چین، سنگاپور اور انڈونیشیا نے اپنے بوئنگ737گرائونڈ کر دیئے ہیں