بھارتی فوج نے آپس میں ہی قتل و غارت شروع کر دی

بھارتی فوجی نے تین ساتھیوں کو فائرنگ کر کے قتل کیا اور پھر خود کُشی کر لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 مارچ 2019 13:32

بھارتی فوج نے آپس میں ہی قتل و غارت شروع کر دی
سری نگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مارچ 2019ء) : بھارتی فوج کے مورال ڈاؤن ہونے اور دشمن کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت و قابلیت نہ ہونے سے متعلق تو خبریں موصول ہوئی تھیں لیکن اب بھارتی فوجیوں نے اپنے ہی ساتھیوں کو جان سے مارنا شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع اُودھمپور میں ایک بھارتی فوجی نے اپنے تین ساتھیوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا جس کے بعد خود کُشی کر لی۔

اجیت کُمار بھارت کی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا اہلکار تھا۔ جس نے بٹالین یونٹ میں اپنے تین ساتھیوں پر فائرنگ کر کے انہیں موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ ہلاک ہونے والے دیگر اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل پوکر مال،یوگندرا شرما اور اُمد سنگھ کے نام سے ہوئی۔ اس واقعہ کے بعد بھارتی اہلکاروں نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر باندی پورہ اور بارامولا اضلاع میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز نے اضلاع کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر کے انہیں گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ گھروں کی تلاشی بھی لی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ایک رپورٹ موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ بھارتی فوج جنگ لڑنے کی پوزیشن میں نہیں ہے جس کہ وجہ بھارتی فوج کا دن بدن ڈاؤن ہوتا مورال ہے۔ بھارتی فوج میں ذات پات، مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک فوج کا مورال ڈاؤن ہونے کی اہم وجوہات میں شامل ہے۔

غیر معیاری کھانا، سہولتوں کا فقدان اور اعلیٰ افسران کی جانب سے نچلے درجے کے سپاہیوں سے توہین آمیز سلوک بھی بھارتی فوج کا مورال ڈاؤن ہونے کی اہم وجہ ہے۔ بھارت کی ملٹری انٹیلی جنس نے حکومت کو پیش کی گئی رپورٹ میں کہا کہ بھارتی فوج کا مورال جنگ لڑںے والا نہیں ہے۔ جب کہ بھارتی افواج میں دن بدن جوش اور ولولہ ختم ہوتا جا رہا ہے۔بھارتی افواج کے نوجوانوں میں اس حد تک بد دلی پھیلی ہوئی ہے کہ وہ خودکشیاں کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

تاہم اب ایک فوجی کی اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کر کے ان کو مارنے اور اس کے بعد خود کُشی کرنے کے اس واقعہ نے بھارتی فوج کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جو فوج آپس میں لڑ رہی ہے اور ایک دوسرے پر گولیاں چلا رہی ہے وہ بھلا کسی جنگ یا لڑائی کی صورت میں اپنے ملک کا دفاع کیسے کر سکتی ہے۔