ریاض: فیملی وزٹ ویزے کی توسیع کیلئے ہیلتھ انشورنس ضروری

فیملی وزٹ ویزے کی آن لائن توسیع کی لیے تمام تیاریاں مکمل

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 مارچ 2019 13:59

ریاض: فیملی وزٹ ویزے کی توسیع کیلئے ہیلتھ انشورنس ضروری
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ 2019ء) سعودی محکمہ پاسپورٹ (جوازات) کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ فیملی وزٹ ویزے میں توسیع کے لیے ہیلتھ انشورنس لازمی کر دی گئی ہے۔ ابشر کے توسط سے ہونے والی اس آن لائن توسیع کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ آئندہ سے فیملی وزٹ ویزے میں آن لائن توسیع ہیلتھ انشورنس کے ذریعے ہی ہو سکتی ہے۔ جوازات کے مطابق وزٹ ویزے میں توسیع کے لیے مؤثر ہیلتھ انشورنس کا ہونا ضروری ہے۔

اگر کسی کے پاس پہلے سے ہیلتھ انشورنس سکیم کی سہولت موجود ہے تو پھر اُسے تجدید کروانا ہو گی۔ یہ وزٹ ویزے دفتر خارجہ کی جانب سے سعودی کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کونسل کے ماتحت جاری ہوتے ہیں، جن کے لیے جنرل سیکرٹریٹ اور نیشنل انفارمیشن سنٹر کا تعاون بھی ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ پاسپورٹ نے اس پابندی سے حج، عمرہ ویزوں، سفارت کاروں، سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے مہمانوں، سفارتی مشن پر آئے افراد اور سعودی عرب کے سرکاری مہمانوں کو مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔

محکمہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فیملی وزٹ ویزے میں توسیع کے لیے ویزے کی مُدت ختم ہونے سے سات روز قبل درخواست دی جا سکتی ہے۔ تاہم اس سے کم مُدت پر بھی توسیع کی جا سکے گی۔ جبکہ وزٹ ویزہ کی مُدت ختم ہونے کے تین روز بعد اس میں توسیع ہو سکتی ہے۔ سعودیہ کے وزٹ ویزے کی مجموعی مُدت 180 دِن ہے۔ اس مُدت کے بعد ایک روز کی بھی توسیع نہیں کی جا سکے گی۔