بلاول نے کرپشن کو بچانے کیلئے جو بیانیہ اپنایا ہے اس پرپوری قوم کو تشویش ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ

حکومت نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کر رہی ہے ‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی

جمعرات 21 مارچ 2019 15:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ احتساب کے شکنجے میں آنے پر پیپلزپارٹی کی قیادت کاملکی سلامتی کے خلاف بیانات تشویش کا باعث ہیں ، موجودہ حکومت نہ صرف نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کر رہی ہے بلکہ اس کے تحت طے پانے والے اقدامات میں بھی تیزی لائی گئی ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی قیادت چاہتی ہے کہ انہیں ملک و قوم کی دولت لوٹنے پر کوئی سوال نہ پوچھاجائے لیکن تحریک انصاف عوامی مینڈیٹ سے کسی صورت انحراف نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات شروع ہونے پر بلاول نے کرپشن کو بچانے کیلئے جو بیانیہ اپنایا ہے اس پرپوری قوم کو تشویش ہے ۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت نہ صرف نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کر رہی ہے بلکہ پیپلز پارٹی کی کرپشن میں پارٹنر (ن) لیگ کی حکومت کے مقابلے میں اس کے تحت طے پانے والے اقدامات پر رفتار کو تیز کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام پیپلز پارٹی کے منفی پراپیگنڈے سے ہرگز متاثر نہیں ہوں گے اور انہیں ہر صورت میں بے لاگ احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا اور ملک وقوم کی لوٹی ہوئی دولت بھی واپس کرنا ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کا یہ بیان کہ سیاسی لیڈر شپ کے خلاف احتساب کے عمل سے جمہوریت کو خطرہ ہے مضحکہ خیز ہے ۔ ایسے اقدامات سے جمہوریت کو نہیں بلکہ لوٹ مار کرنے والوں کی جائیدادوں اور بینک اکائونٹس کو خطرہ ہے ۔