پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور قائدین کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج

مقدمے میں پولیس اہلکاروں پر حملہ، کارسرکار میں مداخلت اور توڑپھوڑ کی دفعات شامل مصطفی نواز کی گرفتاری کیلئے چیئرمین سینیٹ سے رابطہ کیا جائیگا ، اجازت کے بعد مصطفی نواز کی گرفتاری کا امکان

جمعرات 21 مارچ 2019 15:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور قائدین کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے سرکار کی مدعیت میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور قائدین کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر اور راجہ شکیل عباسی سمیت 70 جیالے نامزد ہیں ، مقدمے میں پولیس اہلکاروں پر حملہ، کارسرکار میں مداخلت اور توڑپھوڑ کی دفعات شامل ہیں۔

پولیس کی جانب سے درج مقدمے میں غیر قانونی جلوس، حکومتی اداروں کے خلاف توہین آمیز نعروں کی دفعات بھی شامل ہیں جب کہ مقدمہ میں کہا گیا کہ پیپلزپارٹی کارکن جلوس کی شکل میں نادراچوک آئے، کارکن حکومت، نیب کے خلاف توہین آمیز نعرے لگا رہے تھے، علاقہ مجسٹریٹ نے دفعہ 144 کے نفاذ سے آگاہ کرتے ہوئے منتشر ہونے کا کہا تاہم پی پی پی کارکنوں نے پولیس اہلکاروں پرحملہ کردیا اور کارکن رکاوٹیں توڑتے ہوئے نیب آفس کے بیرونی گیٹ تک پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

مقدمہ میں کہا گیا کہ پی پی پی کارکنوں کے حملے میں 9 پولیس اہلکار وصحافی زخمی ہوئے، حملہ کرنے والے پیپلز پارٹی کے 20 کارکن گرفتار ہوئے اور مصطفیٰ نوازکھوکھر، راجہ شکیل سمیت 50 افراد فرار ہو گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق مصطفی نواز کی گرفتاری کیلئے چیئرمین سینیٹ سے رابطہ کیا جائیگا اور چیئرمین سینیٹ کی اجازت کے بعد مصطفی نواز کی گرفتاری کا امکان ہے۔