پلوامہ طرزکا حملہ پھر ہواتوپاکستان کے لیے بہت مشکلات پیداہوجائیں گی،امریکا

پلوامہ حملوں کی ذمہ داری قبول کرنیوالوں کے خلاف پاکستان نے خاطرخواہ اقدامات نہیں کیے،سینئر اہلکار کی گفتگو

جمعرات 21 مارچ 2019 15:15

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) امریکا نے کہاہے کہ اس کی پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود تناؤ پر تشویش برقرار ہے کیونکہ جوہری طاقت رکھنے والی ان دونوں ہمسایہ ریاستوں کی فوجیں سرحدوں پر الرٹ ہیں۔

(جاری ہے)

برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے بتایاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود تناؤ پر امریکی تشویش ابھی بھی برقرار ہے،انہوں نے کہاکہ ٹرمپ انتظامیہ یہ سمجھتی ہے کہ پاکستان نے ملک میں موجود ان شدت پسندوں کے خلاف خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جنہوں نے پلوامہ میں 14 فروری کو ہونے والے خودکش کار بم حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی،ٹرمپ انتظامیہ کے اس اہلکار نے نام ظاہر کرنے کی شرط کے ساتھ صحافیوں کو ایک بریفنگ کے دوران بتایاکہ اگر پاکستان ایسے گروپوں کے خلاف پائیدار اور مخلصانہ کوششیں نہیں کرتا اور اس صورت میں کوئی اور دہشت گردانہ حملہ ہو جاتا ہے تو یہ پاکستان کے لیے انتہائی زیادہ مسائل کی وجہ بنے گا اور یہ دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں دوبارہ اضافے کا سبب ہو گا۔