Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت

نیوزی لینڈ وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے وزیراعظم عمران خان کو اپنے ملک میں مسلم کمیونٹی کی آزادیِ تحفظ کا یقین دلایا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 21 مارچ 2019 15:40

وزیراعظم عمران خان کی نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مارچ2019ء) وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈن کو ٹیلیفونک گفتگو میں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دے دی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے وزراء اعظم کے درمیان فون پر بات چیت ہوئی ہے،وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ حملوں کی شدید مذمت کی اور کراسئٹ چرچ حملے میں لوکل انتظامیہ کی بروقت کاروائی کو سراہا اور کہا کہ واقعے کے فوراَ بعد نیوزی لینڈ حکومت کا رد عمل قابل تعریف ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آپ کے قابل تحسین اقدامات پر ہر پاکستانی آپ کا شکر گزار ہے۔مسلمانوں کے لیے آپ کا رد عمل قابل فخر ہے۔وزیراعظم عمران خان نے جسینڈا آرڈرن کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی ہے۔

(جاری ہے)

ٹیلیفونک رابطے میں جسنیڈا آرڈر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ حکومت مسلم کمیونٹی کو آزادی تحفظ کا یقین دلاتی ہے۔واضح رہے گذشتہ ہفتے ایک سفید فام دہشت گرد نے نیوزی لینڈ کی دو مساجد کے اند گھس کر 50 نمازیوں کو شہید کر دیا جب کہ درجنوں زخمی ہوئے۔

شہید ہونے والوں میں 9 پاکستانی بھی شامل تھے۔شہادت کا رتبہ پانے والے پاکستانیوں میں ہارون محمود، سہیل شاہد، سید ارب احمد اور سید جہانداد علی بھی شامل تھے۔ وزیراعظم عمران خان نےنیوزی لینڈ میں مساجد میں ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں ہونے والے حملے پر صدمے کی حالت میں ہوں۔

حملے نے ہمارے موقف کو ثابت کر دیا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ متاثرہ خاندان کے لیے دعا گو ہیں۔ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ 9/11 کے بعد مسلمانوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔اسلام اور ایک ارب تیس کروڑ مسلمانوں پر دہشت گردی کا الزام لگایا جاتا ہے۔ ایسا کرنے کا مقصد مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد کو مسخ کرنا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات