Live Updates

وزیرخارجہ کا سمجھوتہ ایکسپریس میں شہید بیگناہوں کے ذمہ داران چاروں مجرموں کو بری کر نے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار

سمجھوتہ ایکسپریس کا فیصلہ بھارت کے دوہرے معیار کی عکاسی کرتا ہے ،سمجھوتہ ایکسپریس فیصلے کے بعد جائزہ لینے کے بعد حکمت عملی طے کی جائیگی،سات ماہ پہلے امریکہ کے ساتھ تعلقات میں تناؤ کی بات ہو رہی تھی،آج بہتری کے امکانات بڑھ رہے ہیں،چین میں مولانا مسعود اظہر کے معاملے پر بالکل بات ہوئی ہے ،پلوامہ حملے کے بعد چین نے لازوال دوستی کا ثبوت دیا، شاہ محمود قریشی

جمعرات 21 مارچ 2019 17:00

وزیرخارجہ کا سمجھوتہ ایکسپریس میں شہید بیگناہوں کے ذمہ داران چاروں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سمجھوتہ ایکسپریس میں شہید بیگناہوں کے ذمہ داران چاروں مجرموں کو بری کر نے کے فیصلے پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس کا فیصلہ بھارت کے دوہرے معیار کی عکاسی کرتا ہے ،سمجھوتہ ایکسپریس فیصلے کے بعد جائزہ لینے کے بعد حکمت عملی طے کی جائیگی،سات ماہ پہلے امریکہ کے ساتھ تعلقات میں تناؤ کی بات ہو رہی تھی،آج بہتری کے امکانات بڑھ رہے ہیں،چین میں مولانا مسعود اظہر کے معاملے پر بالکل بات ہوئی ہے ،پلوامہ حملے کے بعد چین نے لازوال دوستی کا ثبوت دیا۔

جمعرات کو یہاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، مشیر وزیر اعظم برائے تجارت و سرمایہ کاری رزاق داؤد اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایاکہ میرا چائنہ کا دورہ بہت سود مند رہا ،پہلی دفعہ وزرائے خارجہ سطح پر اسٹریٹیجک مذاکرات کا انعقاد ہوا۔

انہوںنے کہاکہ ان مذاکرات میں ہم نے افغانستان میں قیام امن سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے دورہ چین کے دوران چینی حکام سے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہاکہ اپریل میں بلٹ اینڈ روڈ کا اجلاس چین میں منعقد ہوگا جس میں 36 ممالک کے مندوبین شریک ہونگے جس کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان بھی مہمان اعزاز کے طور پر شرکت کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر پاکستان تشریف لا رہے ہیں،ان کے اس دورہ کے دوران ملایشیا اور پاکستان کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ ملائیشیا اور پاکستان کے مابین دوستانہ تعلقات میں اس دورہ سے مزید بہتری آئیگی۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ تیسری اہم بات نیوز ی لینڈ میں ہونیوالی دہشت گردی ہے جس میں پچاس لوگ شہید ہوئے جس میں دس پاکستانی بھی شہید ہوئے،اس پاکستانی نوجوان کو داد شجاعت دیتا ہوں جس نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے کئی نمازیوں کو بچایا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کیلئے ترکی روانہ ہو رہا ہوں۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ یہ اجلاس نیوزی لینڈ کے واقعہ کے بعد بڑھتی ہوئے اسلام فوبیا پر غورو خوض کرنا ہے اور اس کے تدارک کے لئے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرائسٹ چرچ حملے کے بعد بھارت کا مسلمان مخالف چہرہ کھل کر سامنے آگیا۔انہوں نے کہا کہ کرائسٹ چرچ حملے کے بعد بھارت کی جانب سے جو مذمت سامنے آئی اس میں مسلمانوں اور مسجد کا ذکر نہیں کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے تمام افراد مسلمان تھے جن کا انہوں نے اپنے مذمتی بیان نام نہیں لیا۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ ہندوستان میں سمجھوتہ ایکسپریس کا جو فیصلہ آیا وہ ہندوستان کے دوہرے معیار کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سمجھوتہ ایکسپریس میں شہید ہونے والے بیگناہوں کے ذمہ داران چاروں مجرموں کو بری کر دینا انتہائی تشویشناک ہے۔انہوںنے کہاکہ پلوامہ واقعہ کے بعد ہندوستان کی طرف پاکستان پر لگائے جانے والے بے جا الزامات کے جواب میں وزیر اعظم عمران خان نے ان کے ساتھ تحقیقات میں مکمل تعاون کی پیشکش کی لیکن ہندوستان نے ہماری پیشکش کے باوجود جارحیت کا مظاہرہ کیا۔

وزیرخارجہ نے ایک مرتبہ پھر عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پلوامہ حملے میں تحقیقات کے لیے تیار ہے، بھارت کی جانب سے ملنے والے ڈوزیئر کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔اس موقع پر گفتگو مشیر تجارت رزاق داؤد نے کہاکہ ملائیشین وفد میں 35 کے قریب سرمایہ کاروں کا وفد آئیگا،(آج) جمعہ کو ان کے ساتھ 3 بڑے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ اپریل کے آخر تک ایف ٹی اے پر دستخط ہو جائیں گے۔

ہارون شریف نے کہاکہ دونوں ممالک کی حکومتوں اور بورڈ آف انوسٹمنٹ میں مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ کل جمعہ کو پاکستان کے 50 سرمایہ کار بھی ملائیشین سرمایہ کاروں سے ملکر معاہدوں پر دستخط کریں گے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سات ماہ پہلے یہاں امریکہ کے ساتھ تعلقات میں تناؤ کی بات ہو رہی تھی،آج بہتری کے امکانات بڑھ رہے ہیں، یہ بات ایمبیسڈر زلمے خلیل زاد اور خود صدر ٹرمپ کہہ چکے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ میونخ میں جو میری ملاقات امریکی سینٹرز سے ہوئی اس ملاقات سے بھی پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کا تاثر ملا،امریکی صدر ٹرمپ کا حالیہ بیان خوش آئند ہے۔ ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کالعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کی امریکی قرارداد کے مسترد ہونے پر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس حوالے سے چین نے اپنا نکتہ اعتراض پیش کیا ہے،چین میں مولانا مسعود اظہر کے معاملے پر بالکل بات ہوئی۔

انہوںنے کہاکہ امریکہ فرانس برطانیہ کی سوچ پر بھی بات ہوئی۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ چین ہمارا قابل بھروسہ دوست ہے ان سے متعدد معاملات پر بات ہوتی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ چین کے ساتھ متعدد معاملات پر مشاورت بھی ہوتی ہے۔شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد چین نے ایک مرتبہ پھر پاک چین لازوال دوستی کا ثبوت دیا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان آگاہ ہے کہ دنیا کیا چاہتی اور ہمارے اپنے مفادات کیا ہیں ہم نے اپنے اندرونی حالات کو بھی دیکھنا ہے،ایف اے ٹی ایف کے تانے بانے ملتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان پر سانحہ اے پی ایس کے بعد قومی اتفاقِ رائے قائم ہو چکا ہے،20 نکاتی نیشنل ایکشن پلان پر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کے دستخط ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پہلے مرحلے میں فوجی ایکشن مؤثر طریقے سے لئے گئے،دوسرے مرحلے میں سیاسی طور پر کام ہونا ہے،ان کالعدم تنظیموں پر اعتراض بہت عرصے سے ہو رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ سیاسی جماعتیں عرصے سے حکومت میں رہی ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ہماری حکومت اس معاملے کو مکمل طور پر ڈیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بلاول اور مریم ابو بچائو مہم پر نکلے ہوئے ہیں،ایک کے ابو نے 300 ارب کھائے دوسرے کے ابو نے 500 ارب کھائے۔ چوہدری فواد نے کہا کہ مریم اور بلاول دونوں ہونہار بچے ہیں۔ چوہدری فوادنے کہا کہ انڈیا کے طیاروں کو پاکستان میں آنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ چوہدری فواد نے کہا کہ نیب نے ابو کو بلا لیا ہے تو ناراض ہوگئے ہیں،بلاول کا بیان بھارتی اخبارات کی ہیڈلائن بنا یہی وہ چاہتے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات