2019ء کے خوشحال ممالک کی فہرست جاری، بھارت 7 درجے تنزلی کا شکار ہو گیا

بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت پاکستان اورچین سے بھی پیچھے رہ گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 مارچ 2019 16:59

2019ء کے خوشحال ممالک کی فہرست جاری، بھارت 7 درجے تنزلی کا شکار ہو گیا
نیویارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مارچ 2019ء) : 2019ء کے خوشحال ممالک کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ اس فہرست میں بھارت کی سات درجے تنزلی ہوئی اور سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت پاکستان اور چین سے بھی پیچھے رہ گیا۔ اس فہرست کے مطابق دنیا میں اپنی زندگی سے ناخوش سب سے زیادہ لوگ جنوبی سوڈان کے ہیں جو 2019ء کے خوشحال 155ممالک کے حوالے سے جاری کی گئی اس فہرست میں سب سے آخرپر ہیں۔

فہرست میں پاکستان 67 ،چین 93 ، بنگلہ دیش 125، افغانستان 154جبکہ امریکہ 19ویں نمبر پر ہے۔ دنیا بھر میں سب سے زیادہ پُرسکون اورخوش رہنے والی قوم فن لینڈ کی ہے جس کے بعد ڈنمارک، ناروے، آئس لینڈ اورنیدرلینڈ کا نمبر آتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے نے دنیا بھر کے 155ممالک کا سروے کیا اورجاری رپورٹ میں بتایا کہ خوش رہنے والے ممالک کی عالمی فہرست میں بھارت کی سات درجے تنزلی ہوئی ۔

(جاری ہے)

عالمی فہرست میں بھارت 140 ویں نمبرپر ہے جبکہ گذشتہ برس 2018ء میں بھارت اس فہرست میں 133ویں نمبر پر تھا۔ واضح رہےکہ بھارت کی اس فہرست میں تنزلی اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتی عوام بھی مودی سرکار کی پالیسیوں اور اقدامات سے ناخوش ہے۔ بھارت کی عوام میں عدم برداشت پائی جاتی ہے جبکہ بھارتی عوام کی اکثریت اپنی حکومت سے بھی نالاں ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان اس فہرست میں 67 ویں نمبر پر ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستانی شہری پُر سکون اور خوشگوار ماحول میں زندگی گزارتے ہیں۔

جبکہ اس کے برعکس بھارت میں غربت اور مفلسی کے ڈیرے ہیں جس سے بھارتی عوام مایوسی کا شکار ہے، یہی نہیں بھارت میں آئے روز خواتین سے زیادتی اور خود کُشی کے کیسز بھی رپورٹ ہوتے ہیں۔ جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم بھی کسی سے ڈھکے چھُپے نہیں ہیں۔