غیر قانونی کاروبار کی مخبری کرنے والے کو 30ہزار ریال کا انعام

شہری نے شُبہ ہونے پر ایک مصری اور سعودی شہری کے بارے میں اطلاع دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 مارچ 2019 17:50

غیر قانونی کاروبار کی مخبری کرنے والے کو 30ہزار ریال کا انعام
طائف (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مارچ2019ء) سعودی وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کر کے بتایا گیا ہے کہ ایک مقامی شہری کوغیر مُلکی کے کاروبار کی اطلاع دینے پر30 ہزار ریال کا انعام دے دیا گیا۔ سبق ویب سائٹ کی جانب سے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ایک غیر مُلکی سعودی شہری کے نام سے طائف کمشنری میں المونیم کے باورچی خانے بنانے کا کاروبار کر رہا تھا۔

علاقے کے ایک شہری کو شُبہ ہوا کہ یہ کاروبار سعودی خود نہیں کر رہا بلکہ اس کا اصل مالک ایک غیر مُلکی ہے۔ اُس نے اپنے شُبے کی بنیاد پر رپورٹ درج کرا دی۔

(جاری ہے)

تحقیقات سے شک درست ثابت ہوا۔ مکّہ مکرمہ میں محکمہ جاتی عدالت نے الزام ثابت ہو جانے پر سعودی شہری اور اُس کے نام سے کاروبار کرنے والے مصری کو قانونِ تجارت کا مجرم قرار دے دِیا۔ عدالت کی جانب سے ان پر ایک لاکھ ریال کا جرمانہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ ان کے خرچے سے دونوں ملزمان کی مقامی اخبارات میں بھی تشہیر کروائی گئی۔ جبکہ جرمانے کی کُل رقم میں سے 30 ہزار ریال رپورٹ کرنے والے سعودی کو بھی دیئے گئے۔ واضح رہے کہ سجل تجاری کے مرتکب افراد کی مخبری پر جرمانے کی کُل 30 فیصد رقم مخبر کو دی جاتی ہے۔ اسی وجہ سے عوام اکثر ایسی بے ضابطگیوں کی اطلاع دیتے رہتے ہیں۔