Live Updates

عافیہ رہائی کفن پوش پیدل مارچ ‘‘ کے تیسرے روز قافلہ کے شرکا ء اکوڑہ خٹک پہنچ گئے

جمعرات 21 مارچ 2019 18:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) دخترپاکستان ڈاکٹر عافیہ کی باعزت رہائی اور وطن واپسی کیلئے ’’ عافیہ رہائی کفن پوش پیدل مارچ ‘‘ کے تیسرے روز قافلہ کے شرکا ء اکوڑہ خٹک پہنچ گئے۔قافلہ کے شرکاء نے ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے نوشہرہ پریس کلب پر بھی احتجاج ریکارڈ کرایا۔قافلہ کے نگران انعام اللہ مروت نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 2017ء میں بھی ’’ایک خط‘‘ کے حصول کیلئے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف سے قوم کی بیٹی کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کیلئے اسی طرح ’’عافیہ رہائی پیدل مارچ‘‘ کیا تھامگر نواز شریف نے بدقسمتی سے یہ سعادت حاصل کرنے سے خود اپنے آپ کومحروم رکھا جس کا پوری قوم کو شدید ملال ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ سعادت حاصل کرنے کا موقع اللہ تعالیٰ وزیراعظم عمران خان کو عطا کر رہا ہے اور ہم ’’ عافیہ رہائی کفن پوش پیدل مارچ ‘‘کے ذریعے حکومت سے اپیل کررہے ہیں کہ جب امریکہ تیار ہے تو عافیہ بہن کو وطن واپس لانے میں تاخیر نہ کریں کیونکہ حکومت غیر ضروری تاخیرکر کے عوام کے جذبات مجروح کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام راستے میں ’’عافیہ رہائی کفن پوش پیدل مارچ ‘‘کو دیکھ کر لوگ رک جاتے ہیں ۔لوگ ہمارے سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ، تصویریں اور ویڈیو بناتے ہیں اور ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے ڈھیر ساری دعائوں سے نوازتے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات