وزیر اعظم آزاد کشمیر سے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ملاقات

دونوں رہنمائوں کامقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور ہندوستان کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کااظہار

جمعرات 21 مارچ 2019 18:17

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے سابق وزیراعظم پاکستان شاہدخاقان عباسی کی جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں ملاقات، دونوں راہنماوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور ہندوستان کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کااظہار کرتے ہوے اور لائن آف کنٹرول پر معصوم شہریوں پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ،اس موقع پر وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس اور وزیرشہری دفاع احمد رضا قادری بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے اس موقع پر کہا کہ شاہد خاقان عباسی کا شمار میاں محمد نواز شریف کے جانثار ساتھیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے مشکل وقت میں قائد پاکستان کے ویژن کو آگے بڑھا یا آزادکشمیر کے عوام اور حکومت ان کے خصوصی طورپر اس لیے بھی شکرگزار ہیں کہ انہوں نے چوالیس سالہ جمود توڑتے ہوے تیرویں آئینی ترامیم کی منظوری دی آزادکشمیر کے دیرینہ اور حل طلب معاملات کے حل میں ان کے دور میں ٹھوس پیش رفت ہوئی جس کوقائد مسلم لیگ ن محمد نوازشریف کی بھرپور سرپرستی حاصل تھی اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندرگزشتہ اڑہائی سال میں راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں قائم مسلم لیگ ن کی حکومت کی کارکردگی پر مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت مکمل اعتماد کااظہار کرتے ہوے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتی ہے آزادکشمیر میںترقی کے لیے مسلم لیگ ن کی حکومت نے ترقیاتی بجٹ دوگنا کیا جس کے ثمرات نظرآرہے ہیں لیگی حکومت نے عوامی ضروریات کو مدنظر رکھ کر میرٹ کی بحالی اور تعمیر و ترقی کیلیے اقدامات اٹھاے ہیں سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کا حلقہ آزادکشمیر کے قریب واقع ہے جس سے مجھے معلومات ملتی رہتی ہیں اور یہ جان کر خوشی ہوتی ہے کہ آزادکشمیر میں عوامی خدمت کا سفردرست سمت میں جاری ہے ۔