ورلڈ فارسٹ ڈے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے چھانگا مانگا جنگل میں سکول کے بچوں کے ہمراہ پودے لگائے

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جنگلی حیات کے فروغ کیلئے وائلڈ لائف پارک میں پاڑہ ہرن اورریگی باز بھی آزاد کئے وزیراعلیٰ نے چھانگامانگافارسٹ پارک میں ریشم کے حصول کیلئے ریشم کے کیڑوں کی پرورش کے طریقے کار کا بھی مشاہدہ کیا

جمعرات 21 مارچ 2019 18:43

ورلڈ فارسٹ ڈے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے چھانگا مانگا جنگل میں سکول کے بچوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ورلڈ فارسٹ ڈے پر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت چھانگا مانگا فارسٹ پارک میں سکول کے بچوں کے ہمراہ پودے لگائے اورشجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جنگلی حیات کے فروغ کیلئے پاڑہ ہرن اورریگی با ز بھی آزاد کیے۔بعدازاںانہوں نے فارسٹ پارک میں ریشم سازی کی صنعت کیلئے ریشم کے کیڑوں کی پرورش کے طریقہ کار کا بھی معائنہ کیا۔

اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ورلڈ فارسٹ ڈے کی مناسبت سے صوبہ بھر میںمختلف اقسام کے 8لاکھ پودوں کی شجرکاری کی گئی ہے۔رواں موسم بہار میں مجموعی طورپر ڈیڑھ کروڑ پودے لگائے جائینگے تاکہ سموگ اورماحولیاتی آلودگی کے مسائل پر قابو پایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق پاکستان کو صاف اورسرسبز و شاداب بنائیں گے۔

تجاوزات کیخلاف مہم کے دوران چھانگا مانگا جنگل کی 200ایکڑ اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔شجرکاری کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے بااثر افراد اورناجائز قابضین سے جنگلات کی واگزار اراضی پرپودے لگائے جائینگے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ جانور اور پرندے کائنات کا حسن ہیں، جنگلی حیات کا فروغ اورتحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔چھانگا مانگا میں وائلڈلائف پارک کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔

اسی طرح صوبہ بھر کے جنگلات میں وائلڈ لائف کے تحفظ کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے اور جانوروں اورپرندوں کا غیر قانونی شکار اورخریدوفروخت کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیازقانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال کے پیش نظر ارکان اسمبلی کی تنخواہیں بڑھانے کے بل کے قانونی اورتکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیکر نظر ثانی کی جارہی ہے ۔

ارکان اسمبلی کی تنخواہ کے بل میں ضروری ردوبدل کیا جا رہا ہے ۔جب فیصلہ ہوگا تو آپ کے سامنے آجائیگا۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گڈ گورننس کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی وزراء اوربیورکریسی کی کا رکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔محکموں کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے صوبائی وزراء سے مشاورت بھی کی جا رہی ہے۔وزیراعلی عثمان بزدار کو ریشم کے کیڑوں کی پرورش اورریشم سازی کی صنعت کے فروغ،کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب میں بالخصوص چھانگامانگا کے علاقے میں ریشم سازی کی صنعت کا بہت پوٹینشل ہے۔ اس صنعت کو مقامی سطح پر فروغ دے کر غربت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔ ریشم سازی کی صنعت کو فروغ دیکر روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں ۔دیہات میں ریشم سازی کی صنعت کو فروغ دینے کیلئے جامع بزنس پلان پر غورکیا جارہاہے۔

حکومت ریشم کے کیڑوں کی پرورش کیلئے ضروری معاونت فراہم کریگی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ کو شجرکاری مہم اورچھانگا مانگا جنگل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وفاقی مشیروزیراعظم برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم،صوبائی وزیر جنگلات محمد سبطین خان،صوبائی وزیر بہبود آبادی ہاشم ڈوگر،رکن قومی اسمبلی طالب نکئی،ترجمان وزیراعلیٰ شہباز گل،منتخب نمائندے،کمشنر لاہور اوردیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔