دودھ میں ملاوٹ کے خاتمے کے لئے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے ‘عثمان بزدار

پاسچائزیشن کا قانون چھوٹے مویشی پال فارمر کیلئے دودھ کے اچھے نرخ کی صورت میں خوشحالی لے کر آئے گا‘وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 21 مارچ 2019 18:43

دودھ میں ملاوٹ کے خاتمے کے لئے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے ‘عثمان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) وزیراعلیٰ پنجا ب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ موٹرویز اور ہائی ویز پر قائم ہوٹلز اورریسٹورنٹس پر کھانے پینے کی اشیاء کی چیکنگ ہو گی اورمری سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر ہوٹلز اورریسٹورنٹس کے کھانے کے معیار کو چیک کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کو حکم دیا ہے کہ مسافروں اور سیاحوں کو غیر معیاری کھانا فراہم کرنے والے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

غیرمعیاری کھانے فروخت کرنے وا لے عناصر رعایت کے مستحق نہیں۔ایسے عناصر کے خلاف قانون کے تحت بلاتفریق کارروائی کی جائے اورملاوٹ مافیا کے خلاف جاری مہم میں کوئی دبائو خاطر میں نہ لایا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ دودھ میں ملاوٹ کے خاتمے کے لئے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے اوردودھ میں ملاوٹ کے خاتمے کے لئے پاسچائزیشن قوانین کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاسچائزیشن کا قانون چھوٹے مویشی پال فارمر کیلئے دودھ کے اچھے نرخ کی صورت میں خوشحالی لے کر آئے گا۔صحت مند خوراک کی فراہمی یقینی بنا کر ہسپتالوں میں رش کم کیا جا سکتاہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کے مفاد کے سامنے کسی دبائو کو خاطر میں نہیں لائیں گے کیونکہ نئے پاکستان میں ملاوٹ کرنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ملاوٹ کے سدباب اور فوڈ سیفٹی کے امور کے حوالے سے دیگر صوبوں کو بھی مکمل معاونت فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی میں قانونی اور انتظامی اصلاحات لاکر ادارے کو مزید مضبوط بنائیںگے۔وزیراعلیٰ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ گزشتہ 6ماہ میں سوا لاکھ فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ اور 3ہزار سے زائد کو سیل کیا گیا ہے۔