Live Updates

صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کی کرشنا مندر میں ہولی کی تقریب میں شرکت

تحریک انصاف کے دور حکومت میں اقلیتوں کو یکساں حقوق کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے‘صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین

جمعرات 21 مارچ 2019 18:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی اموراعجاز عالم آگسٹین کی ہولی کے موقع پر ہندو برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے کرشنا مندر لاہور میں منعقدہ تقریب میں خصوصی شرکت۔تقریب کا آغاز ہندو پنڈت ڈاکٹر منوہر چند نے بھجن سے شروع کیاجبکہ سکھ برادری،عیسائی رہنمائوں سمیت اقلیتوں سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔

شرکاء نے ایک دوسرے پر رنگ پھینک کر ہولی منائی اور پاکستان کی سا لمیت کیلئے خصوصی دعاء کا بھی اہتمام کیا گیا۔صوبائی وزیر اعجاز عالم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر قیادت اقلیتوں کو مساوی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے جبکہ پاکستان میں تمام مذاہب و فرقوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے جیسا کہ قائد اعظم کا وژن تھا اورزیر اعظم پاکستان عمران خان قائد کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہولی رنگوں کا تہوار ہے جبکہ پاکستانی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نشانی ہے تاہم جسطرح سفید اور سبز رنگ ملکر قومی پرچم میں نمایاں ہیں ،اسی طرح پاکستان بھر میں مسلمانوں کے سنگ اقلیتیں ہر دکھ اور سکھ میں ہمیشہ ساتھ کھڑی نظر آتی ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خوشیوں کے تہواروں میں تمام اقلیتوں کا ایک ساتھ ہونا اور مسلمان بھائیوں کا بھی شرکت کرنا بلا شبہ دنیا بھر میں ایک واضح پیغام کا باعث بنتاہے کہ ہم سب پاکستانی اور ایک ہیں۔تقریب میں شامل شرکاء نے حکومت پنجاب کی جانب سے سیکیورٹی وغیرہ کے زبر دست انتظامات پر شکریہ ادا کیا اور تحریک انصاف کی حکومت میں ہولی کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے گرانٹ کی صورت میں اعلانات پر خراج تحسین پیش کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات