خیبرپختونخواکے قبائلی ضلع خیبر اور کراچی میں پولیو کے مزیددو نئے کیس سامنے آنے کے بعدپولیو کیسز کی تعداد 6 ہوگئی

جمعرات 21 مارچ 2019 19:24

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) خیبرپختونخواکے قبائلی ضلع خیبر اور کراچی میں پولیو کے مزیددو نئے کیس سامنے آنے کے بعدرواں سال ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد چھ ہوگئی۔ جمعرات کے روز پولیو حکام نے قبائلی ضلع خیبر اور کراچی میں پولیو سے ایک ایک بچے کے متاثر ہونے کی تصدیق کردی اور بتایا کہ اس کے ساتھ ملک بھر میں رواں سال2019 کے دوران پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد چھ(6) تک پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں تین سالہ بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی جو کراچی میںرواں سال کا پہلا پولیو کیس ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر میں بھی ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ اس طرح رواں سال کے دوران خیبرپختونخوا میں اب تک چار‘ پنجاب اور سندھ میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ خیبرپختونخواہ کے اضلاع بنوں اورہنگو سمیت قبائلی اضلاع خیبر اور باجوڑمیں پولیو وائرس سے متاثرہ ایک ایک جبکہ لاہور میں اور کراچی سے بھی ایک ایک کیس سامنے آیاہے۔