پاکستان کشمیری عوام کی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہو سکتا ،چیئر مین سینیٹ

کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر حال میں جاری رکھی جائیگی،محمد صادق سنجرانی چیئر مین سینیٹ سے وزیر اطلاعات آزاد کشمیر راجہ مشتاق منہاس کی ملاقات،وزیر اطلاعات نے آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں ،حکومت کی کارکردگی بارے مفصل بریفنگ دی

جمعرات 21 مارچ 2019 19:45

پاکستان کشمیری عوام کی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہو سکتا ،چیئر مین ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہو سکتا ،پاکستان کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر حال میں جاری رکھے گا۔تفصیلات کے مطابق آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے سینیٹ کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کی۔

وزیر اطلاعات نے چیئرمین سینیٹ کو دورہ آزادکشمیر کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوے چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہو سکتا ،پاکستان کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر حال میں جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی وجہ سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہو گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔وزیر اطلاعات نے اس موقع پر چیئرمین سینٹ کو آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بتایا اور حکومت کی کارکردگی کے بارے میں مفصل بریفنگ دی جسے چیئرمین سینٹ نے بے حد سراہا۔

وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ کشمیری بہادری سے ایل او سی پر ڈٹے ہوے ہیں اور اللہ کے فضل سے پاک فوج کے ہوتے ہوے ہمیں کسی قسم کا ڈر اور خوف نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج دونوں طرف سویلین آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے عزم اور حوصلے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا انہوں نے کہا کہ انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہے اور پاک فوج کیساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اچھی طرح سے جان لے ہم ایک جرات مند قوم ہیں جسے کوئی ڈر اور خوف نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم خطے کے امن کو نقصان پہنچانے کے حامی نہیں ہیں مگر قومی غیرت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجا سکتا۔انہوں نے کہا ہندوستان سمجھ لے دفاع وطن کیلے کشمیر و پاکستان ایک ہیں۔انہوں نے کہا موجودہ صورتحال میں آزادکشمیر کی قیادت اور حریت کانفرنس کی قیادت ایک پیج پر ہیں جنہیں وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کل جماعتی کانفرنس کے ذریعے اکٹھا کیا اور ایک ہی مشترکہ بیانیہ تشکیل دیا گیآ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی داخلی تحریک آزادی کو دہشت گردی ثابت کرنے کی کوشش کی ہے اسے یہ علم ہونا چاہیے کہ کشمیری عوام گذشتہ ستر سال سے اپنے حق خودارادیت کیلیے برسر پیکار ہیں جس کا حق انہیں اقوام متحدہ نے دے رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت تمام تر ترغیبات کے باوجود ایک بھی کشمیری کو اپنی جانب راغب نہیں کر سکا ہے ،کشمیری ہر حال میں بھارت سے آزادی چاہتے ہیں ،انہوں نے کہا بھارت پلوامہ واقعہ کی آڑ میں پاکستان پر دباو ڈالنا چاہتا تھا لیکن اسے کامیابی نہیں ملی جس کی وجہ سے وہ جارحیت پر اتر آیا اور پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا ہم اپنی غیرت و حمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے پاکستان نے بھرپور جواب دیا جس کی پوری قوم حمایت کرتی ہے اور کٴْھل کر اپنی مسلح افواج کی پشت پر کھڑی ہے،وزیر اطلاعات نے اس موقع پر چیئرمین سینٹ کا شکریہ ادا کیا۔