Live Updates

عوام کو جس اسلامی فلاحی ریاست کا خواب دکھایا گیاتھا وہ پورا ہوتا دکھائی نہیں دیتا‘امیر العظیم

پیپلز پارٹی، مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف کی حقیقت کھل کر عوام کے سامنے آگئی ہے‘ امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب

جمعرات 21 مارچ 2019 19:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے بھی 20کروڑ عام کے جذبات کوبری طرح مجروح کیا ہے۔ عوام کو جس اسلامی فلاحی ریاست کا خواب دکھایا گیا تھا وہ پورا ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ مہنگائی کی شرح میں خطرناک حد تک اضافے نے زندگی اجیرن کردی ہے۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کو درپیش مسائل کی بات کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔

عوام پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کی اصل حقیقت سے آشکارہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روزلاہورمیں عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انھوںنے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی واحد دینی وسیاسی جماعت ہے جس کی قیادت ہر قسم کے الزامات سے پاک ہے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے بھی یہ ریمارکس دیئے تھے کہ آرٹیکل 62اور 63کی بات کی جائے گی تو صرف سراج الحق ہی اس پر پورا اتر سکتے ہیں۔

جماعت اسلامی اس ملک کے ہر طبقے کی ترجمانی کرتی ہے۔ مختلف ادوار میں ہمارے سینکڑوں افراد منتخب ہوکر سینٹ ، قومی و صوبائی اسمبلیوں میں پہنچے اور سب کا کردار بے داغ ، صاف و شفاف رہا۔ ہمارے افراد نے ذاتی مفادات کی بجائے قومی و عوامی مفادات کو ترجیح دی۔ انھوں نے کہا کہ مخلص کارکن ہی ہمارا اصل سرمایہ ہیں۔ ان کی تربیت سے غفلت نہیں برتی جاسکتی ۔

امیر جماعت کے پیغام کو گلی محلوں تک پہنچانے کی بنیادی ذمہ داری انہی کارکنوں کی ہے۔ قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کارکنوں کی طاقت کو ووٹ بنک میں تبدیل کرے۔ زیادہ سے زیادہ افراد کو اپنا ہمدرد بنایا جائے۔ انھوں نے کہاکہ ملک کی سیاسی صورتحال دن بدن انتہائی گھمبیر ہوتی چلی جارہی ہے۔ اندرونی انتشار اور افراتفری سے بچنا ہوگا۔ سیاسی عدم استحکام سے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ماضی کے تلخ تجربات کو بھلا کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے لیے حالات مشکل ضرور ہیں مگر ہم نا امید نہیں ۔ ہم اللہ اور اس کے رسولؐ کے ماننے والے ہیں اور پاکستان میں غلبہ دین اسلام کی جدوجہد کررہے ہیں ۔ ان شاء اللہ ہم ضرور کامیاب ہوںگے۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی کرنے والے حکمرانوں کے خلاف آواز بلند کی جائے ۔ ستر برسوں سے ملک پر جاگیردار ، وڈیروں اور سرمایہ داروں کا قبضہ ہے۔ ان سے نجات حاصل کرنے کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات