میڈیا کو سچائی اور ذمہ داری کا دامن کسی حال میں نہیں چھوڑنا چاہیے‘ صمصام علی بخاری

ماضی میں نجی شعبے میں منظور نظر افراد کو حج کوٹے دئیے گئے موجودہ حکومت نے نظام کو شفاف اور کرپشن سے پاک کر دیا ‘صوبائی وزیر اطلاعات

جمعرات 21 مارچ 2019 20:27

میڈیا کو سچائی اور ذمہ داری کا دامن کسی حال میں نہیں چھوڑنا چاہیے‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ میڈیا کو سچائی اور ذمہ داری کا دامن کسی حال میں نہیں چھوڑنا چاہیے، صحافیوں کو مکمل تحقیق کے بعد ہی اخلاقیات کے دائرے میں رہتے ہوئے خبر دینی چاہیے، حجاج کرام کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی حکومت اور پرائیویٹ آپریٹرز دونوں کی یکساں ذمہ دار ی ہے تاہم اِن سہولیات کے حوالے سے حجاج کرام کی واپسی کے بعد میڈیا میں چھپنے والی خبروں سے ہی اصل صورتحال کا اندازہ ہو سکے گا،ڈالر کی قیمت بڑھنے سے حج کے اخراجات میں اضافے کے ساتھ حجاج کرام کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت پورے خلوص سے کوشاں ہے۔

صوبائی وزیر نے اِن خیالات کا اظہار مقامی ہوٹل میں وزارتِ مذہبی امور کے زیر اہتمام منعقدہ میڈیا آگہی ورکشاپ کے شرکاء صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اِ س موقع پر محکمہ مذہبی امور کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر شریک صحافیوں میں صوبائی وزیر نے اسناد تقسیم کیں۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صمصام علی بخاری نے کہا کہ حج کے دوران اللہ کے مہمانوں کو خیال رکھنا محکمے کے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔

اس سلسلے میں محکمہ کی طرف سے متعارف کرائی جانے والی ایپ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھانے کے لیے حجاج کرام کے گروپ لیڈرز کو پڑھا لکھا اور سوشل میڈیا کے استعمال سے آگاہ ہونا ضروری ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ماضی میں نجی شعبے میں منظور نظر افراد کو حج کوٹے دئیے جاتے تھے لیکن موجودہ حکومت میں اس نظام کو شفاف اور کرپشن سے پاک کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر نے میڈیا کے نمائندوں کو زور دیا کہ وہ سسٹم پر تنقید کے ساتھ ساتھ اچھی کارکردگی دکھانے والے افراد اور اداروں کا بھی اچھے الفاظ میں ذکر کریں یہ اُن کا میڈیا پر حق ہے۔