پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ اپنے مذہبی تہوار منانے میں آزاد ہیں،مشتاق غنی

جتنی بھی اقلیتیں پاکستان میں بستی ہیں،سب ایک گلدستے کی مانند ہیں،سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی

جمعرات 21 مارچ 2019 20:27

پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ اپنے مذہبی تہوار منانے میں ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذہب کے لوگ اپنے مذہبی تہوار منانے میں آزاد ہیں ۔جتنی بھی اقلیتیں پاکستان میں بستی ہیں۔سب ایک گلدستے کی مانند ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے پشاور کے ایک نجی ہوٹل میں راجپوت برادری کی جانب سے منعقدہ کی گئی ہندوؤں کے مذہبی تہوار ہولی میں شرکاء سے دوران خطاب کیا ۔

تقریب میں اقلیتی اراکین اسمبلی روی کمار اور رنجیت سنگھ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

مشتا ق احمد غنی نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ایک اسلامی ریاست میں اقلیتوں کو تحفظ اور مذہبی آزادی حاصل ہے ہم سب کا مذہب اپنا اپنا لیکن ملک سب کا ایک ہے ۔مشتا ق احمد غنی نے کہا کہ اقلیتی برادری کے مسائل کے مستقل حل کے لئے صوبائی حکومت جلد کابینہ میں اقلیتی رکن اسمبلی کو شامل کرنے جارہی ہے گردواروں ،مندروں اور گرجاگھروں سمیت اقلیتوں کے قبرستانوں کے لئے ضرورت کے مطابق فنڈزمختص کرنے سمیت ان کے اجراء کوہرممکن یقینی بنایا جائے گا ۔

تقریب کے منتظمین کے مطابق ہولی کاتہوار خوشیاں منانے اور اس میں تمام مذاہب کا شامل ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ ہندوبرادری سمیت تمام مذاہب یہاں اس کے ساتھ خوش ہے ۔