ڈپٹی کمشنر برکت الله مروت کی صدارت میں پولیو کے خاتمے کیلئے ڈویژنل ٹاسک فورس کا اجلاس

جمعرات 21 مارچ 2019 20:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) کمشنر ڈیرہ جاوید مروت کی ہدایت پر ان کے دفتر میں ڈپٹی کمشنر برکت الله مروت کی صدارت میں پولیو کے خاتمے کیلئے ڈویژنل ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میںڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈیرہ، ٹانک،ایجنسی سرجن جنوبی وزیرستان، ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں ، این ایس ٹی او پی آفیسر، محکمہ تعلیم ، صحت ودیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں ماہ کی 25تاریخ سے شروع ہونے والی سہ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران تین لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلوانے کا ہدف پورا کیا جائیگا۔علاوہ ازیں گزشتہ مہموں میں پائے جانے والے نقائص اور خامیوں پر بھی غور و خوض کیا گیا اور انہیں دور کرنے کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جس کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے تاہم اس مقصد کیلئے تمام محکموں کو کوششیں بروئے کار لانی چاہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی نسلوں کو صحتمند ماحول فراہم کرنا ہے اور اس کیلئے تمام والدین کو چاہیے کہ محکمہ صحت کی طرف سے انسداد پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلوا کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران انسداد پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کو مکمل اور فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے جبکہ تمام محکمے ذمہ داری سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔