اسکولوں کی داخلہ مہم میں پولیوورکرز،امام مساجد کوشامل کرنےکا فیصلہ

داخلہ مہم میں عوامی شمولیت کو یقینی بنایا جائےگا، جبکہ سوشل ، پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا کے علاوہ پولیو ٹیمیں ویکسینیشن کے وقت بھی والدین کو داخلہ مہم بارے آگاہی دیں گی۔ وزیرتعلیم پنجاب مراد راس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 21 مارچ 2019 19:55

اسکولوں کی داخلہ مہم میں پولیوورکرز،امام مساجد کوشامل کرنےکا فیصلہ
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مارچ 2019ء) محکمہ تعلیم پنجاب نے سکولوں میں داخلہ مہم میں پولیو ورکرزاور امام مساجد کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، داخلہ مہم میں عوامی شمولیت بذریعہ سکول کونسلز، والدین، امام مسجد بھی کی جائے گی، جبکہ پولیوٹیمیں ویکسینیشن کے وقت بھی والدین کوداخلہ مہم بارے آگاہی دیں گی، سوشل ، پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا کے ذریعے تشہیر عمل میں لائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا کہ حکومت پاکستان 5-9سال کی عمر کے بچوں کو میعاری تعلیم سے متعلق مطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے پر عزم ہے۔اس ضمن میں بچوں کے سکولوں میں داخلوں کی نگرانی سکول انفارمیشن سسٹم کے ذریعے کی جائے گی۔سکولوں کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اساتذہ کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے معاملات میں شفافیت لانے کے لیے اوردیگر مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرنے یہاں قائد اکیڈمی وحدت روڈ میں انرولمنٹ اینڈ رٹینشن مہم 2019ء سے متعلق سی ای اوز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ داخلہ مہم میں عوامی شمولیت بذریعہ سکول کونسلز، والدین، امام مسجد اور خطیب بھی کی جائے گی۔ محکمہ صحت بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے اورویکسینیشن کے وقت والدین کوداخلہ مہم بارے آگاہی دے گا۔

انہوں نے مزیدکہا کہ بچوں کو سکولوں میں داخلوں کی طرف راغب کرنے کے لیے سوشل ، پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا کے ذریعے تشہیر عمل میں لائی جائے گی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مجموعی طور پر معیارِتعلیم کی بہتری کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز بشمول پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشنز اورگورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشنز کوشامل کیا جائیگا اِجلاس میں سیکرٹری سکولز ایجوکیشن محمد محمود ،اور تمام چیف ایگزیکٹوز ایجوکیشنز آفیسرزسی ای او ز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز سی ای اوز ڈائریکڑز اور متعلقہ آفسران نے شرکت کی۔