سندھ ہائی کورٹ، غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں غلط بیانی پر ڈائریکٹر نیب کو شوکاز نوٹس جاری

جمعرات 21 مارچ 2019 20:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2019ء) سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں غلط بیانی کرنے پر ڈائریکٹر نیب کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔سندھ ہائی کورٹ میں اسکیم 33 میں غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جہاں نیب افسر کی جانب سے غلط بیانی پر چیف جسٹس ہائی کورٹ برہم ہوگئے اور ڈائریکٹر نیب جاوید عالم کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ خدا کا خوف کرو، عدالت میں جھوٹ بولتے ہو، پٹیشن 2015 کی ہے اور کہتے ہو 2016 میں انکوائری شروع ہوئی۔ڈائریکٹر نیب نے کہا کہ تحقیقات مکمل کر کے ڈرافٹ ریفرنس چیئرمین کو بھجوا دیا ہے، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کہاں ہے ڈرافٹ دکھائیں، لیکن عدالتی حکم کے باوجود نیب افسران ڈرافٹ ریفرنس نہ دکھا سکے۔نیب نے عدالت میں بتایا کہ درخواست گزار پر اسکیم 33 میں 5 ایکڑ زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے۔عدالت نے نیب افسران کو آئندہ سماعت پر تحریری جواب دینے کا حکم دیا جبکہ ملزم متین احمد کی عبوری ضمانت میں 2 ہفتے کی توسیع کر دی۔#