احتساب عدالت نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج کے جسمانی ریمانڈ میں مزید دس روز کی توسیع

جمعرات 21 مارچ 2019 21:09

احتساب عدالت نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج کے جسمانی ریمانڈ میں مزید ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2019ء) کراچی کی احتساب عدالت نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج کے جسمانی ریمانڈ میں مزید دس روز کی توسیع کردی۔نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے مزید تفتیش کیلئی15روزہ ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی جو کہ عدالت نے مسترد کردی۔کراچی کی احتساب عدالت میں نیب کے زیرحراست اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زیادہ اثاثوں اور سرکاری فنڈز میں خردبرد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

نیب حکام نے سخت سیکیورٹی میں آغا سراج کو احتساب عدالت میں پیش کیا سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ آغا سراج درانی سے مزید تفتیش کرنی ہے لہذا ان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 15 روز کی توسیع کی جائے تاہم عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا کو مسترد کردیا اور آغا سراج کے ریمانڈ میں 10 روز کی مزید توسیع کردی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت آغا سراج درانی ایک بار پھر عدالت میں گلے شکوے کرتے رہے انہوں نے عدالت کے استفسار پر بتایا کہ مجھے ایک چھوٹے سے کمرے میں رکھا ہوا ہے، نہ وہاں روشنی ہے اور نہ کوئی اخبار ٹی وی، گھر والوں سے نہیں ملنے دیاجارہا۔جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے پچھلی دفعہ شکایت کی تھی جس پر کمرے میں اے سی لگا دیا ہے، یہ 12 بجے اٹھتے ہیں، ناشتہ کرتے ہیں اور اخبار پڑھتے ہیں۔جبکہ آغاسراج درانی کا کہنا تھا کہ میری فیملی کو ملزم بنایا جارہا ہے اور میرے باورچی کو پکڑ لیا گیا ہے۔جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ باورچی کے اکاوئنٹ میں بڑی بڑی ٹرانزیکشن ہوئی ہیں اس لیے پکڑا ہے۔اس موقع پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت دس روز کیلئے ملتوی کردی۔#