یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

رمضان پیکج کی منظوری کے بعد یوٹیلٹی سٹورزپر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 21 مارچ 2019 21:12

یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ2019ء) یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے حکومت کی جانب سے 2ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج کی منظوری کے بعد روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نےعام استعمال کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ کارپوریشن نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے بعد قیمتوں میں اضافے کا اطلاق ہو گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گھی، مشروبات اور چائے سمیت روزمرہ استعمال کی کئی چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جس کے نتیجے میں اشیاء کی قیمتیں 4روپے سے 175روپے تک بڑھ گئی ہیں۔ گھی 5روپے فی کلو مہنگا کر دیا گیا ہے جبکہ مختلف کمپنیوں کے کوکنگ آئلز کی قیمتوں میں 9روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مشروبات کی قیمتوں میں 7روپے سے 21روپے تک اور چائے کی قیمت میں 6سے 65روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔

کیچپ 4روپے سے 24روپے، شیمپو 30روپے سے 40روپے، کپڑے دھونے والا پاؤڈر 9روپے سے30روپے مہنگا ہو گیا ہے۔ ٹوتھ پیسٹ 5روپے جبکہ جوتوں کی پالش 10روپے تک مہنگی کر دی گئی ہے۔ تمام اشیاءکی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کر دیاگیا ہے، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز کو رمضان ریلیف پیکج کے تحت 2ارب سبسڈی کی منظوری دے دی ہے اور اس کے بعد یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔