کراچی، پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے ڈسٹرکٹ ملیر میں جنرل ورکرز اجلاس

پنڈال میں آمد پر سید مصطفیٰ کمال کا پھولوں اور پارٹی کے نعروں سے استقبال

جمعرات 21 مارچ 2019 23:26

کراچی، پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے ڈسٹرکٹ ملیر میں جنرل ورکرز اجلاس
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2019ء) پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے ڈسٹرکٹ ملیر میں جنرل ورکرز اجلاس منعقد کیا گیا۔ پنڈال میں آمد پر سید مصطفیٰ کمال کا پھولوں اور پارٹی کے نعروں سے استقبال کیا گیا۔ اجلاس میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ وہ لوگ جو سمجھتے تھے کہ 25 جولائی کو پارٹی ختم ہو گئی انہیں افسوس ہوگا کیونکہ پاک سرزمین پارٹی کے قیام کا مقصد چند سیٹیں حاصل کرنا نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کرنا ہے جو آخری سانس تک جاری رکھیں گے۔

عوام موجودہ نظام سے نا امید ہو چکے ہیں جس میں تبدیلی صرف چہروں میں آتی ہے اور اب پاک سر زمین پارٹی ہی ان کیلئے آخری امید کی کرن ہے جو پورے سندھ بالخصوص سندھ کے شہری علاقوں کو مسائل سے نکال سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللہ کو حاضر ناظر جان کر یہ راستہ اختیار کیا اور اس راستے پر چلنے کا صلہ بھی اللہ سے ہی چاہتے ہیں اس لیے تمام کارکنان بھی اس نیک مقصد کو سمجھتے ہوئے پی ایس پی کا نظریہ لوگوں تک لے کر جائیں اور عوام کو گھر گھر جا کر پی ایس پی کی جدوجہد میں شامل ہونے کی دعوت دیں۔ اجلاس میں پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال، ممبر نیشنل کونسل و جوائنٹ انچارج کراچی آرگنائزنگ کمیٹی آفاق جمال اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔#