ہم شہر کی خدمت کے جذبے سے اپنی خدمات انجام دیتے ہیں وہ عملی اقدام پر یقین رکھتے ہیں ، کمشنر حیدرآباد

کسی سیاسی دبائو میں آئے بغیر منصبی اًمور کی انجام دہی میں کسی قسم کا کوئی دبائو قبول نہیں کرتے

جمعرات 21 مارچ 2019 23:41

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ وہ شہر کی خدمت کے جذبے سے اپنی خدمات انجام دیتے ہیں وہ عملی اقدام پر یقین رکھتے ہیں اور بزنس کمیونٹی کی مشاورت اور تعاون سے حیدرآباد، لطیف آباد اور قاسم آباد کی اصلاح احوال کے لیے اقدام کریں گے، وہ کسی سیاسی دبائو میں آئے بغیر منصبی اًمور کی انجام دہی میں کسی قسم کا کوئی دبائو قبول نہیں کرتے، حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کو ڈویژنل اور ضلعی سطح پر بننے والی ہر کمیٹی میں نمائندگی دی جائے گی جس کے لیے اُنہوں نے نمائندوں کے نام تجویز کر کے اِرسال کرنے کو کہا۔

وہ حیدرآباد چیمبر کے کانفرنس ہال میں تاجر و صنعتکاروں سے خطاب کر رہے تھے، کمشنر محمد عباس بلوچ نے کہا کہ اُنہوں نے صدر چیمبرمحمد فاروق شیخانی کی جانب سے تمام درپیش مسائل کو بغور سُنا ہے اور اُن کے دائرہ اختیار میں آنے والے معاملات پر وہ خود احکام جاری کرنے اور دیگر محکموں کو عملدرآمد کے لیے خطوط جاری کرنے کا وعدہ کیا، اُنہوں نے رانی باغ اور نیاز اسٹیڈیم ایکسپو سینٹر کی بحالی کا وعدہ کیا تاکہ شہریوں کو تفریحی سہولتیں اور بزنس کمیونٹی کو اپنی مصنوعات کی نمائش کا موقع ملے اور صنعت و تجارت کو فروغ ملے جو قوم و ملک کی معاشی ترقی میں اہم ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی پولیس نعیم احمد شیخ نے کہا کہ امن و امان اُن کی اولین ترجیح ہے اور وہ بزنس کمیونٹی کی تجاویز حاصل کر کے امن و امان کی صورتحال کو بہتر سے بہترین کی طرف لے جائیں گے، اُنہوں نے کہا اُن کے علم میں یہ بات پہلی بار آئی ہے کہ یہ چیمبر واحد وفاقی حکومت کا تسلیم شدہ بزنس کمیونٹی کا نمائندہ چیمبر ہے، پولیس میں امن و امان سے متعلق تشکیل دی جانے والی ہر کمیٹی میں اِس چیمبر کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔

قبل ازیں چیمبر کے صدر محمد فاروق شیخانی نے استقبالیہ کلمات میں، تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک جام پر قابو پانے، غیر قانونی ٹیکسی اسٹینڈز کو کھلی جگہ منتقل کرنے، ٹریفک انجینئرز پر مشتمل ٹیکنیکل ٹیم کو فعال کرنے اور اُن سے پارکنگ کی جگہوں اور پارکنگ پلازہ کی پلاننگ مرتب کرانے، رانی باغ میں پارکنگ ختم کر کے اُسے صرف تفریحی پارک کے لیے استعمال کرنے اور اُس میں تذئین و آرائش کرانے، 300 ایکڑ سائٹ ایکسٹینشن میں پلاٹ دینے، ٹریٹمنٹ پلانٹ ہل پاک کی بحالی ایچ ڈی اے اور واسا کی اصلاح کی جائے تاکہ حیدرآباد شہر اور لطیف آباد میں آبادی کا بوجھ کم کرنے کے لیے سرمست اور کوہسار اسکیموں میں ترقیاتی کام کرانے اور الاٹیز کو وہاں شفٹ کرنے پر مائل کرنے، سائٹ ایریا سے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کا 85 فیصد حصہ بلدیاتی اداروں کے بجائے سائٹ کے محکمہ کو ادا کرے تاکہ وہ ترقیاتی کام کراسکے، ایکسپو سینٹر کو بحال کرنے اور وہاں نمائشوں کا بندوبست کرنے اور وفاقی، صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطحوں پر بننے والی کمیٹیوں میں حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کو ضلع حیدرآباد کا واحد تاجر و صنعتکاروں کا نمائندہ/تسلیم شدہ چیمبر ہونے کی بنا پر نمائندگی دینے اور دیگر غیر رجسٹرڈ اور غیر نمائندہ لوگوں اور تنظیموں کو یہ حیثیت نہ دینے کے مطالبات پیش کئے، اِس موقع پر سلیم الدین قریشی، محمد عارف میمن، محمد شاہد قائم خانی ، سکندر علی راجپوت، دولت رام لوہانہ، اراکین ایگزیکٹیو کمیٹی اور بزنس کمیونٹی کی ایک بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔