23مارچ کو پشاور میٹرو بس سروس کا افتتاح نہیں ہو سکے گا

افتتاح کا اعلان کرنے کے بعد دوبارہ فیصلہ واپس لے لیا گیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 21 مارچ 2019 22:46

23مارچ کو پشاور میٹرو بس سروس کا افتتاح نہیں ہو سکے گا
پشاور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ2019ء) خیبرپختونخوا حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 23مارچ کو پشاور میٹرو بس سروس کا افتتاح نہیں کیا جائے گا۔ جمعرات کی شب میڈیا کو بتایا گیا ہے کہ میٹرو بس کا افتتاح جو کہ 23مارچ کو کیا جانا تھا وہ اب موخر کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے میٹرو کے افتتاح کا اعلان کیا گیا تھا کہ یومِ پاکستان کے موقعہ پر ریپڈ بس سروس کا افتتاح کیا جائے گا اور آزمائشی بنیادوں پر میٹرو چلنا شروع ہو جائے گی لیکن اب اس فیصلے کو واپس لے لیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں نے میٹرو منصوبے کی پول کھول دی تھی کہ منصوبہ بناتے وقت اس میں نکاسی آب کا انتظام نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ارد گرد کی سڑکوں پر بارش کا پانی کھڑا ہو گیا تھا اور سیورج کا پانی دوکانوں میں بھی داخل ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ بعض جگہوں پر آمنے سامنے سے آنے والی بسوں کے لیے ایک ساتھ گزرنے کا رستہ اتنا تنگ رکھا گیا تھا کہ ان کے ٹکرانے کا خطرہ تھا اس لیے منصوبے پر بہت سے سوال اٹھائے جارہے ہیں۔

اب پشاور ریپڈ ٹرانزٹ سروس کے افتتاح کو موخر کر دیا گیا ہے۔اس میٹرو بس سروس کا روٹ 26کلومیٹر لمبا ہے اور اسے 30ارب روپے کا لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جس میں سے 19.5 ارب روپے فرانس سے قرض لیا گیا تھا۔ اب اس منصوبے کو دوبارہ کئی جگہوں سے توڑا جا رہا ہے تاکہ اس میں موجود نقائص کو دور کیا جا سکے جس کی وجہ اس کی مجموعی لاگت میں بہت اضافہ ہو گیا ہے۔