غریب دوست سے جان چھڑانے کے لیے عورت کا اپنے اغوا اور قتل کا ڈراما

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 21 مارچ 2019 23:50

غریب دوست سے جان چھڑانے کے لیے عورت کا اپنے اغوا اور قتل کا ڈراما

رومانوی تعلق ختم کرنا آسان نہیں ہوتا لیکن یہ اتنا مشکل بھی نہیں ہوتا کہ اس کے لیے اپنے اغوا اور قتل کا ڈراما  کرنا پڑے۔ ایک چینی خاتون  نے اپنے غریب دوست سے تعلق ختم کرنے کے لیے  اپنے اغوا اور قتل کا ڈراما کیا  لیکن پکڑی گئیں۔
چین کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان سے تعلق رکھنے والی  37 سالہ خاتون کو  اپنے اغوا اور قتل کا ڈراما کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔

انہوں نے یہ ڈراما اپنے سابق شوہر کے نام پر  اپنے موجودہ غریب دوست سے جان چھڑانے کے لیے کیا۔
یو نامی یہ خاتون آج کل اپنے دوست لین کے ساتھ گھومتی تھیں۔ چینی نئے سال کے موقع پر  وہ لین کے گھر گئیں تو انہیں معلوم ہوا کہ اُن کی مالی حالت کچھ زیادہ اچھی نہیں۔اس پر یو نے لین کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ یو  کو لگتا تھا کہ لین  اپنے مسترد کیے جانے کو آرام سے قبول نہیں کرے گا، اس لیے انہوں نے  ”غائب“ ہونے کا منصوبہ بنایا ۔

(جاری ہے)


21 فروری کو لین کے گھر سے واپس آنے کے فوراً بعد یو غائب ہو گئی۔ یو نے لین کو فون کر کے بتایا کہ انہیں اُن کے سابقہ شوہر نے اغوا کر لیا ہے۔ یو نے فون پر کہا ”آؤ اور مجھے بچاؤ، میرے سابقہ شوہر نے مجھے اغوا کر لیا ہے۔ جلدی آؤ! میرا خیال ہے میں   ہائی وے پر ہوں“
ڈرامے میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے یو نے اغوا کار بن کر  لین کو کئی ٹیکسٹ میسج بھی کیے۔

یو نے  لین کو کہا کہ اگر انہوں نے پولیس نے فون  کو کیا تو  وہ یو کو قتل کردے گا۔ کچھ دیر کے بعد یو نے لین کو ٹیکسٹ میسج کیا کہ انہوں نے یو کو قتل کر کے اس کی لاش جھیل میں پھینک دی ہے۔
مایوس لین نے پولیس کو فون کر دیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوراً اپنی تحقیقات کا آغاز کیا۔  علاقے کی تین دن کی فوٹیج دیکھنے پر پولیس کو معلوم ہوا کہ یو  ووہان کے ٹینگلونگ ضلع کے ایک  ہوٹل میں ٹھہری ہوئی  تھی۔

پولیس جب ہوٹل پہنچی تو یو  بستر پر لیٹے ٹی وی دیکھ رہی تھی۔ یو کو زندہ دیکھ کر پولیس بھی حیران رہ گئی۔
پولیس کے پوچھنے پر یو نے  پرسکون لہجے میں بتایا کہ انہوں نے یہ سب اپنے غریب دوست سے جان چھڑانے کے لیے کیا تھا۔ ووہان ایوننگ نیوز کے مطابق پولیس نے یو کو اپنے اغوا اور قتل کے ڈرامے پر   دس دن کے لیے حراست میں رکھا۔