Live Updates

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کی وزیراعظم ہاؤس آمد

وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا،مہا تیر محمد کو گارڈ آف آںر پیش کیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 22 مارچ 2019 10:47

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کی وزیراعظم ہاؤس آمد
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ2019ء) ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کے تین روز دورہ پاکستان کا آغاز ہو گیا ہے۔ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کی وزیراعظم ہاؤس آمد ہوئی ہے جہاں مہاتیر محمد کے اعزاز میں گارڈ آف آنر کی تقریب منعقد کی گئی۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے ملائشین ہم منصب کا استقبال کیا،وزیراعظم مہا تیر محمد کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

اس موقع دونوں ممالک کے ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں۔اس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اپنی کابینہ کے ارکان کامہاتیر محمد سے تعارف کروایا۔ یاد رہے کہ ملائیشیا ء کے وزیر اعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے،مہاتیر محمد ملائیشیا ء کے تاجروں اور صنعتکاروں کے وفد کے ہمراہ نور خان ایئربیس پہنچے جہاں وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کے اراکین کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

(جاری ہے)

مہاتیر محمد کو نور خان ایئربیس پر 21توپوں کی سلامی دی گئی اور بچوں نے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ ملائیشیا ء کے وزیر اعظم مہاتیر محمدکل( ہفتہ)یوم پاکستان کی پریڈ میں مہمان خصوصی ہوں گے۔مہاتیر محمد کی دوطرفہ مصروفیات میں صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ معاونین کے بغیر اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں شامل ہیں جبکہ دونوں وزرائے اعظم مختلف صنعتوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کے ’’گول میز اجلاس‘‘سے بھی خطاب کریں گے جنہوں نے پاکستان میں کار سازی اور مواصلات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مہاتیر محمد کے دورے میں دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کے لیے معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری اور دفاعی شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔مہاتیر محمد 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ اور ان کے دورے کے دوران پاکستان اور ملائیشیا ء کے مابین 4 معاہدوں پر دستخط ہوں گے، اور ملائشیا ء کی جانب سے 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی امید کی جارہی ہے، جب کہ دونوں ممالک کے وزرا کے مابین مختلف یاداشتوں پر بھی دستخط ہوں گے
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات