سانحہ کرائسٹ چرچ کو ایک ہفتہ مکمل ، نیوزی لینڈ کے مقامی اخبارات کا شہدا کو خراج عقیدت

اخبارات کے صفحہ اول پر سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہدا کے نام درج ، عربی زبان میں ''سلام'' بھی شائع کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 مارچ 2019 11:15

سانحہ کرائسٹ چرچ کو ایک ہفتہ مکمل ، نیوزی لینڈ کے مقامی اخبارات کا شہدا ..
نیوزی لینڈ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 مارچ 2019ء) : سانحہ کرائسٹ چرچ کو ایک ہفتہ بیت گیا ۔ سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہدا کی یاد میں نیوزی لینڈ کے مقامی اخبارات نے اپنے صفحہ اول پر شہدا کے نام شائع کیے ۔ نیوزی لینڈ کے مقامی اخبار ''دی پریس'' کے صفحہ اول پر عربی زبان میں (سلام) یعنی امن شائع کیا گیا۔ جبکہ صفحہ کے آخر میں کرائسٹ چرچ سانحہ کے شہدا کے نام درج تھے۔

جبکہ ایک اور مقامی اخبار '' دی ڈومینن پوسٹ'' نے بھی صفحہ اول پر شہدا کے نام شائع کر کے ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
واضح رہے کہ سانحہ کرائسٹ کے نتیجے میں 50 مسلمان شہید جبکہ متعدد مسلمان زخمی ہوئے تھے جن میں سے کافی تاحال اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نیوزی لینڈ کی عوام اور وزیراعظم آگے آ گئے اور مسلمانوں کو یہ احساس دلایا کہ انہیں مکمل طور پر تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز نیوزی لینڈ میں اُس وقت ایک تاریخی لمحہ ریکارڈ کیا گیا جب کرائسٹ چرچ کی فضا اللہ اکبر کی صداؤں سے گونج اُٹھی ۔ نیوزی لینڈ میں ریڈیو اور ٹی وی پر اذان براہ راست نشرکی گئی۔ سانحہ کرائسٹ چرچ کو ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد آنے والے پہلے جمعہ کی نماز کی ادائیگی مسجد النور کےسامنے ہیگلے پارک میں ادا کی گئی جہاں ہزاروں افراد کا اجتماع دیکھنے میں آیا۔

نماز جمعہ کی ادائیگی میں مسلمانوں کے علاوہ نیوزی لینڈکی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن اور دیگر مذاہب کے افراد نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی اور مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔ہیگلے پارک میں نمازِ جمعہ کے بعد وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے حضور پاکﷺ کی حدیث مبارکہ پڑھ کر سناتے ہوئے خطاب کیا۔ اس حدیث مبارکہ کا مفہوم تھا " حضور ﷺ نے فرمایا جو ایمان رکھتے ہیں،ان کی باہمی رحم دلی،ہمدردی اور احساس ایک جسم کی مانند ہوتا ہے۔

اگر جسم کے کسی ایک حصے کو بھی تکلیف ہوتی ہے تو سارا جسم درد محسوس کرتا ہے۔وزیراعظم جیسنڈا نے حدیث پڑھنے کے بعد مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ نیوزی لینڈ آپ کے دکھ میں شریک ہے اور ہم سب ایک ہیں۔
جمعہ کے خطبے کے دوران نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی آنکھیں بھی چھلک پڑیں۔اس موقع پر بھی نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا سیاہ رنگ کے لباس میں ملبوس تھیں اور انہوں نے سر پر دوپٹہ بھی اوڑ رکھا تھا ۔واضح رہے کہ جمعہ کے روز مسلمان خواتین سے اظہار یکجہتی کے لیے نیوزی لینڈ کی خواتین نے اسکارف اوڑھنے کی تقریبات کا انعقاد بھی کیا تھا۔