Live Updates

چین پاکستان کو 300 سے زائد اشیاء پر آسیان ممالک کی طرز پر رعایت دینے پر آمادہ

اس اقدام سے دونوں ممالک کے مابین تجارت میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی ہو گی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 مارچ 2019 11:42

چین پاکستان کو 300 سے زائد اشیاء پر آسیان ممالک کی طرز پر رعایت دینے ..
چین (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 مارچ 2019ء) : چین نے آسیان ممالک کی طرز پر پاکستان کو 300 سے زائد اشیا پر رعایت دینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چین پاکستان کو 300 سے زائد اشیاء پر آسیان ممالک کی طرز پر رعایت دینے پر رضا مند ہو گیا ہے۔ جس کے تحت آئندہ دنوں میں دونوں ملکوں کےمابین دوسرے آزاد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے ماہ اپریل میں دورہ چین کے موقع پر معاہدے پر دستخط متوقع ہیں۔ وزارت تجارت کے معتبر ذرائع کے مطابق پاکستان اور چین کے مابین آزاد تجارتی معاہدے پر بیجنگ میں مارچ کے وسط میں مذاکرات ہوئے اور پاکستان کی جانب سے ٹیرف میں کمی کے مطالبے پر چین نے اتفاق کیا ۔ سیکریٹری تجارت دو اپریل کو چین کا دورہ کریں گے اور آزاد تجارت معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل آزاد تجارتی معاہدے کے تحت چین پاکستان کی 57 ٹیرف لائنز ( اشیاء) پر صفر ڈیوٹی تھی جس پر پاکستان نے چین سے نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے 300 سے زائد مصنوعات پر ڈیوٹی کو صفر یا کم ترین کرنے کا کہا تھا ۔ جس کے بعد چین کے جانب سے 300 اشیاء پر ڈیوٹی صفر یا کم ترین ہونے سے پاکستان کی چین کو برآمدات میں اضافہ ہوگا اور دونوں ملکوں کے مابین تجارتی خسارہ کم کرنے میں مدد ملے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات