بھارتی فوجیوں کے ہاتھوںلڑکے سمیت تین اورکشمیری نوجوان شہید

گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران شہدا کی تعداد بڑھ کر 6ہو گئی ، 11حریت قائدین پر کالاقانون لاگو

جمعہ 22 مارچ 2019 12:25

بھارتی فوجیوں کے ہاتھوںلڑکے سمیت تین اورکشمیری نوجوان شہید
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) مقبوضہ کشمیرمیںبھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج بانڈی پورہ اور شوپیاں کے اضلاع میں ایک لڑکے سمیت تین اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیاہے جس سے گزشتہ روزسے شہید ہونیوالے نوجوانوںکی تعداد بڑھ کر چھ ہو گئی ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے 12سالہ لڑکے سمیت دونوجوانوںکو ضلع بانڈی پورہ میں حاجن کے علاقے میر محلہ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔

فوجیوںنے ضلع شوپیاں کے علاقے گنڈا پورہ میں بھی ایک اورنوجوان کو شہید کیا ہے ۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی۔ بھارتی فوجیوںنے گزشتہ روزبارہمولہ کے علاقے کلانترا میں دواور بانڈی پورہ کے قصبے حاجن میں ایک نوجوان کو شہید کردیاتھا۔

(جاری ہے)

فوجیوں نے بانڈی پورہ، بارہمولہ اور پلوامہ کے اضلاع کے مختلف علاقوںمیں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں جاری رکھیں۔

ادھر سوپور میں کشمیری نوجوان عامر رسول کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔ فوجیوںنے عامر کو گزشتہ شب بارہمولہ کے علاقے کلانترا میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران ایک اور نوجوان کے ہمراہ شہید کردیا تھا۔نوجوان کے قتل کے خلاف سوپور ٹائون اور ملحقہ علاقوںمیں مکمل ہڑتال جاری ہے ۔دریںاثناء قابض انتظامیہ نے فاروق احمد شاہ اور بشیر احمد سمیت گیا رہ حریت کارکنوںپر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے انہیں کوٹ بھلوال اور جموں کی دیگر جیلوں میں منتقل کردیاگیاہے۔

متعلقہ عنوان :