اشرف صحرائی کی پارٹی رہنمائوں پر کالا قانون’’پی ایس اے‘ ‘لاگو کرنے کی مذمت

جمعہ 22 مارچ 2019 12:26

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموں کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے قابض انتظامیہ کی طرف سے پارٹی رہنمائوں پر کالا قانون ’ پبلک سیفٹی ایکٹ‘‘ لاگو کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ تحریک حریت کے رہنمائوں سید امتیاز حیدر،تاشوق احمد بانڈے، منظور احمد بٹ اور فاروق احمد پر انکے خلاف قائم بے بنیاد مقدمات میں کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے جموں خطے کی دور دراز جیل میں منتقل کیا گیا جو انصاف کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

انہوںنے کہا کہ جیلیں اور تفتیشی مراکز بے گناہ کشمیریوں سے بھر دیے گئے ہیںاور پتلی انتظامیہ جبر و استبداد کی یہ ساری کارروائیاں کشمیریوں کے خلاف آزادی کی آواز بلند کرنے پر کر رہی ہے ۔ محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ سیاسی نظر بندوں کو مقبوضہ وادی سے باہر دور دراز کی جیلوں میں منتقل کرنا سراسر ایک انتقامی کارروائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک ایسے ماحول میں رہ رہے ہیں جہاں پر امن آوازوں پر سخت پابندیاں عائد ہیں ۔