وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں عوام سنگین مسائل سے دوچار ہیں‘میاں عبدالوحید

برفباری کے باعث سڑکیں تین ماہ سے بند ہیں علاقہ میں اشیا خورد ونوش ختم ہونے سے غذائی قلت پیدا ہو چکی ہے

جمعہ 22 مارچ 2019 12:26

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) سابق وزیر تعلیم و مرکزی نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر میاں عبدالوحید نے کہا ہے کہ وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں عوام سنگین مسائل سے دوچار ہیں برفباری کے باعث سڑکیں تین ماہ سے بند ہیں علاقہ میں اشیا خورد ونوش ختم ہونے سے غذائی قلت پیدا ہو چکی ہے ،ادویات نا پید ہے موبائیل اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے چھوٹے چھوٹے کاموں کیلئے ہزاروں روپے خرچ کر کے مظفرآباد آنا پڑرہا ہے آنے جانے میں کئی دن لگ جاتے ہیں بالائی نیلم کے لوگوں کو مظفرآباد آنے کیلئے دو دن پیدل اور دو دن گاڑ ی پر آنے جانے میں لگ جاتے ہیں لیکن اس کے باجود وادی نیلم کے ایم ایل اے سپیکر اسمبلی کو مسائل کی اس سنگینی کا احساس نہیں اور مظفرآباد ،پنڈی اور بیرون ملک چین کی بانسری بجا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز یہاں میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت آزادکشمیر بلخصوص وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان بالائی نیلم کی سڑک کی بحالی کیلئے مظفرآباد سے اضافی وسائل کیل منتقل کریں ۔کیل گریس ،شونٹھر،سرگن، اور کیرن بائی پاس کو ہنگامی بنیادوں پر کھولا جائے ۔میاں عبدالوحید کا کہنا تھا کہ شاہ غلام قادر انتقامی تبادلوں،غیر قانونی تقرریوں سے فرصت نکال کر علاقہ پر بھی توجہ دیں غریب بے کس لوگوں سے رزق چھیننا ،حق تلفیاںمعمول بن چکا ہے سپیکر اسمبلی عوامی اعتاب سے نہیں بچ سکتے کیوں کہ انہوں نے وادی نیلم کے عوام کو مسائل میں چھوڑ کر رار فرار اختیار کی اور اب موسم بہار میں سیاحوں کی طرح وادی کی سیاحت کرنے آئے تو لوگ حساب لیں گے۔