نصرت بھٹو نے جمہوریت کی بحالی کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کی ،نام ہمیشہ تاریخ میں زندہ رہے گا‘حسن مرتضیٰ

جمعہ 22 مارچ 2019 12:37

نصرت بھٹو نے جمہوریت کی بحالی کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کی ،نام ہمیشہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر و سیکرٹری اطلاعات سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ مادر جمہوریت نصرت بھٹو نے جمہوریت کی بحالی کے لئے تاریخ ساز جدوجہد کی ، نصر ت بھٹو کا نام ہمیشہ تاریخ میں زندہ رہے گا ، 23مارچ کو ملک بھر میں مادر جمہوریت نصرت بھٹو کے جنم کے دن کے موقع پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ، یہ نصرت بھٹو کی تربیت کا نتیجہ تھا کہ بے نظیر بھٹو بھی آمریت کے سامنے سیہ پلائی ہوئی دیوار بن گئیں، بھٹو خاندان نے جمہوریت کے عظیم قربانیاں دی ہیں، مادر جمہوریت نصر ت بھٹو نے آمر سے سمجھوتہ نہ کیا اور تاریخ میں اپنا نام زندہ رکھا۔

ملک بھر میں مہنگائی کی نئی لہر پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے سید حسن مرتضی نے کہاکہ حکومت کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے مہنگائی میں میں اضافہ معمول بن گیا ہے ، مہنگائی چار سال کی بلند سطح عبور کرگئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ روپے کی قدر میں کمی سے معاشی صورت حال خراب ہوگئی ، عام انتخاب کے بعد قائم ہونے والی حکومت کی ناقص صورت حال کی وجہ سے مہنگائی میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ، آٹھ ماہ میں مہنگائی پر قابو پانے کے لئے کسی بھی سطح پر اقدامات نہیں کئے گئے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب زرعی صوبہ ہے لیکن یہاں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ معمول بن چکا ہے ،گرانی کی لہر نے عوام کی مشکلات میں غیر معمولی اضافہ کردیا ہے ،ملک میں جاری معاشی سرگرمیاں انتہائی محدود ہوگئی ہیں ، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ، حکمرانوں کو عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔