Live Updates

ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان میں مواصلات اور کارسازی میں سرمایہ کاری کے خواہشمند

مہاتیر محمد نے دو شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 مارچ 2019 12:23

ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان میں مواصلات اور کارسازی میں سرمایہ کاری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 مارچ 2019ء) : ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں۔ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد 21 مارچ کو پاکستان کے 3 روزہ دورے پر پہنچے تھے، جہاں نور خان ایئربیس پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ان کا استقبال کیا تھا۔مہاتیر محمد کو نور خان ایئربیس پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور بچوں نے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

اس دورے کے دوران ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کے ہمراہ 25 سے زائد ملائیشن کمپنیوں کے سربراہ، اعلی سطح وفد اور بڑے کاروباری افراد بھی ہمراہ ہیں، جہاں دونوں ممالک کے درمیان 80 سے 90 کروڑ ڈالر کے معاہدوں کا امکان ہے۔ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے پاکستان میں دو شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے جس میں کارسازی اور مواصلات کے شعبے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مہاتیر محمد کے تین روزہ دورہ پاکستان کے دوران ملائیشیا اور پاکستان کے وزرائے اعظم مختلف صنعتوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کے ''گول میز کانفرنس'' سے بھی خطاب کریں گے۔ ان کے دورے کے دوران پاکستان اور ملائیشیا کے مابین 4 معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ ملائشیا ء کی جانب سے 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔ جبکہ دونوں ممالک کے وزرا کے مابین مختلف یادداشتوں پر بھی دستخط ہوں گے۔

یاد رہے کہ آج صبح ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم ہاؤس آمد پر عمران خان نے اپنے ملائیشین ہم منصب کا استقبال کیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے ترانوں کی دُھنیں بھی بجائی گئیں۔ جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد سے کابینہ اراکین کا تعارف کروایا۔ کابینہ اراکین سے تعارف کے بعد مہاتیر محمد کی جانب سے وزیر اعظم ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد 23 مارچ کو ہونے والی یوم پاکستان پریڈ میں مہمان خصوصی ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات