سعودی عرب میں واٹس ایپ کال کی بحالی کب ہونے جا رہی ہے؟

انفارمیشن بورڈ کے مطابق مطلوبہ انتظامی تقاضے پُورے نہ کرنے پر یہ سہولت معطل کی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 مارچ 2019 12:27

سعودی عرب میں واٹس ایپ کال کی بحالی کب ہونے جا رہی ہے؟
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مارچ2019ء) سعودی مملکت میں واٹس ایپ سروس کی بحالی اور پھر دوبارہ معطلی ایک معمّہ بن کر رہ گئی ہے۔ چند روز قبل سعودی عرب میں واٹس ایپ کی وائس اور ویڈیو کال بحال ہو ئی۔ اس سروس کی بحالی کی خبر چند منٹوں میں مملکت میں پھیل گئی۔ جس پر عوام بہت خوش ہو گئے کہ شاید یہ سروس مستقل طو رپر بحال کر دی گئی ہے۔ تاہم یہ خوشی اُس وقت عارضی ثابت ہوئی جب چند گھنٹوں بعد ہی کالز کی سہولت ختم ہو گئی۔

اس ساری صورتِ حال پر عوام مخمصے کا شکار ہو گئے۔اس روز کئی صارفین نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اُن کے موبائل میں واٹس ایپ کالز کا فیچر کام کر رہا ہے جبکہ کئی دیگر افراد نے اپنے موبائل میں اس سہولت کی عدم دستیابی کی شکایت کی۔اس حوالے سے کئی ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا تھا کہ مملکت میں واٹس ایپ ویڈیو اور آڈیو کالز بحال ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

جس کے بعد صارفین اب اندرون و بیرون ملک واٹس ایپ کے ذریعہ کالز کر سکتے ہیں۔

اس سروس کی بحالی کے چند گھنٹوں بعد ہی دوبارہ بندش کے حوالے سے کئی روز تک سرکاری موقف سامنے نہیں آیا تھا ۔تاہم گزشتہ روز انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن بورڈ کے گورنر ڈاکٹر عبدالعزیز الرویس نے مقامی اخبارالوطن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واٹس ایپ کی آڈیو وڈیو رابطے کی سہولت مطلوبہ انتظامی تقاضے پُورے نہ کرنے کی وجہ سے معطل کی گئی ہے۔ واٹس ایپ کی جانب سے مطلوبہ انتظامی تقاضے پورے کیے جانے کے بعد یہ رابطہ سروس بحال کر دی جائے گی۔واٹس ایپ ایپلی کیشن کے ذریعے صارفین ویڈیو ،آڈیو کال کر سکیں گے۔تاہم دیگر صارفین سے آڈیو ، ویڈیو کال کر رہے ہیں کیونکہ ان ایپلی کیشنز کی انتظامیہ کی جانب سے تمام انتظامی تقاضے مکمل کیے گئے ہیں۔