حمزہ شہباز کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے کیخلاف درخواست پر نیب کو 26مارچ تک ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کا حکم

رمضان شوگر مل میں ریفرنس بھی دائر کر دیا ‘نیب وکیل /ریفرنس کی کاپی بھی ریکارڈ کا حصہ بنائیں ‘ مسٹر جسٹس فرخ عرفان خان کی ہدایت

جمعہ 22 مارچ 2019 13:11

حمزہ شہباز کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے کیخلاف درخواست پر نیب کو 26مارچ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے کیخلاف درخواست پر قومی احتساب بیورو (نیب ) کو 26مارچ تک ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے رمضان شوگر ملز کیس کے ریفرنس کی کاپی بھی ریکارڈ کا حصہ بنانے کی ہدایت کر دی ۔ ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس فرخ عرفان خان نے حمزہ شہباز کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے عدالت کو بتایاکہ حمزہ شہباز نیب میں زیر سماعت انکوائری میں شامل تفتیش ہیں اور وہ نیب کے ساتھ تفتیش میں مکمل تعاون کررہے ہیں ۔ حمزہ شہباز کے وکیل نے نقطہ اٹھایا کہ نیب نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے حمزہ شہباز تفتیش میں مکمل تعاون کررہا ہے لیکن اس کے باوجود حمزہ شہباز کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گاہ جو غیر قانونی ہے لہٰذا عدالت اس اقدام کو کالعدم قرار دے۔نیب وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل میں ریفرنس بھی دائر کر دیا ہے۔ جس پر عدالت نے نیب کو 26 مارچ تک ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ۔ جسٹس فرخ عرفان خان نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر ریفرنس کی کاپی بھی ریکارڈ کا حصہ بنائیں۔