براکہ نیوکلیئر پاور اسٹیشن کے حوالے سے قطر کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہیں ،امارات

امارات میں نیوکلیئر اسٹیٹ پالیسی 2008 کی اعلی سطح پر پاسداری کی جا رہی ہے،عالمی توانائی ایجنسی میں اماراتی مندوب

جمعہ 22 مارچ 2019 13:30

براکہ نیوکلیئر پاور اسٹیشن کے حوالے سے قطر کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہیں ..
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) متحدہ عرب امارات براکہ نیوکلیئر پاور اسٹیشن کی سلامتی کے مسائل سے متعلق دعوؤں کو مسترد کر دیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی میں امارات کے مستقل مندوب حمد علی الکعبی کی جانب سے جاری بیان میں باور کرایا کہ امارات میں نیوکلیئر اسٹیٹ پالیسی 2008 کے مطابق جوہری پروگرام کے حوالے سے نیوکلیئر سیفٹی اینڈ سکیورٹی اور جوہری عدم پھیلاؤ کی اعلی سطح پر پاسداری کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

مندوب کے مطابق براکہ اسٹیشن تھرڈ نیوکلیئر جنریشن ٹکنالوجی کا استعمال کر رہا ہے اور وہاں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے مقرر کردہ معیار نافذ کیے گئے ہیں۔اس سے قبل قطر نے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کو امارات میں زیر تعمیر نیوکلیئر پاور اسٹیشن کے خطرات کے حوالے سے باقاعدہ شکایت پیش کی تھی۔ اس سلسلے میں تحریر کیے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ اماراتی نیوکلیئر اسٹیشن علاقائی استحکام اور ماحولیات کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔قطر کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی بھی حادثے کی صورت میں تابکاری کے حامل مواد کا غبار 5 سے 13 گھنٹوں میں دوحہ پہنچ سکتا ہے ، اور تابکاری کے افشا ہونے کے علاقے میں پانی کے ذخیرے پر تباہ کرن اثرات ہوں گے۔