Live Updates

ملائیشیا کی پاکستان کے جے ایف 17طیاروں کی خریداری میں دلچسپی

پاکستان نے ملائیشیا کے ساتھ 5 بڑے منصوبوں کی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کر لیے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 22 مارچ 2019 13:24

ملائیشیا کی پاکستان کے جے ایف 17طیاروں کی خریداری میں دلچسپی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ2019ء) پاکستان نے ملائیشیا کے ساتھ 5 بڑے منصوبوں کی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کر لیے ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ جے ایف 17طیاروں کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملائیشیا نے پاکستان کو دفاعی نمائش میں شرکت کرنے کی دعوت دی ہے۔پاکستان دفاعی نمائش میں کے ایف 17طیاروں کی نمائش کرے گا۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ملائیشیا نے پاکستان کے حلال گوشت اور چاول خریدنے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔پاکستان سیاحت کے شعبہ میں ملائیشیا کے تجربات سے مستفید ہو گا۔پاکستان ملائیشیا کو ٹینک شکن میزائل برآمد کرنے کے معاہدے پر جلد عمل کرے گا،دونوں ممالک کے مابین بینکوں کی شاخیں کھولنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے وزیراعظم عمران خان کے مشیرِ تجارت رزاق داؤد نے بتایا ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کے ساتھ آنے والا وفد جمعہ کے روز پاکستان کے ساتھ 90کروڑ ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کرے گا۔

یہ معاہدے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کی صنعت کے حوالے سے ہوں گے۔ رزاق داؤد نے بتایا کہ پاکستان کے ملائیشیا کے ساتھ معاہدے پاکستان کی جنوبی ایشیائی ملکوں کی تنظیم اے ایس ای اے این کی رکنیت کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملائیشیا سے آنے والے کاروباری افراد نے دوسرے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ مشیر تجارت کے مطابق ملائیشین کاروباری افراد توانائی اور ٹیکسٹائل کی صنعت میں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔یاد رہے کہ ملائیشین وزیر اعظم تین روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں،وہ یومِ پاکستان کی تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر عمران خان کی دعوت پرپاکستان تشریف لائے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات