ایک ہفتے نے پورے نیوزی لینڈ کو بدل کر رکھ دیا

"میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں" جہاں پچلے جمعہ سفید فام دہشت گرد نے مسلمانوں کی تعداد کم کرنے کی کاروائی کی وہیں اگلے جمعے ہزاروں غیر مسلموں نے احترام میں اذان اور جمعہ کا خطبہ سنا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 22 مارچ 2019 15:12

ایک ہفتے نے پورے نیوزی لینڈ کو بدل کر رکھ دیا
نیوزی لینڈ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 مارچ 2019ء) : سانحہ نیوزی لینڈ کو ایک ہفتہ مکمل ہو گیا ہے۔گذشتہ جمعہ کو ایک سفید فام دہشت گرد نے دو مساجد کے اندر گھس کر 50 نمازیوں کو شہید کیا اور اس تمام کاروائی کی ویڈیو لائیو نشر کرتا رہا۔اس واقعے نے جہاں پوری دنیامیں خوف و ہراس پھیلا دیا وہیں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے مسلمانوں سے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔

جہاں مغربی ممالک مسلمانوں کو شہید کرنے والے سفاک شخص کو دہشت گرد قرار دینے سے کترا رہے رہے تھے وہیں جسینڈا آرڈرن نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر کہا کہ میں حملہ آور کا نام نہیں لوں گی کیونکہ وہ شہرت چاہتا تھا البتہ میں اس کو دہشت گرد ضرور کہوں گی۔انہوں نے حملہ آور کو دہشت گرد اور کرمنل قرار دے دیا۔جنسینڈا آرڈرن کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہونے کو پوری امت مسلمہ نے سراہا اور ایسے ہی نیوزی لینڈ کی عوام نے بھی مسلمانوں کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

جن مساجد کے اندر مسلمانوں کو شہید کیا گیا اس کے باہر نیوزی لینڈ کی طالبات رو رو کر مسلم خواتین سے گلے ملتی رہیں۔جب مسلم خواتین نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہمیں اسکارف اوڑھنے پر خطرے کا سامنا ہے تو نیوزی لینڈ کی ہزاروں خواتین نے سر پر دوپٹہ اوڑھ لیا۔نیوزی لینڈ کے سرکاری ٹی وی نے اذان نشر کی گئی اور آج ہزاروں غیر مسلم افراد نے بھی مسلمانوں کے ساتھ مل کر جمعے کا خطبہ سنا،مختصر یہ کہا جا سکتا ہے کہ ایک ہفتے نے پورے نیوزی لینڈ کو بدل کر رکھ دیا۔

ہزاروں غیر مسلم افراد نے انتہائی احترام کے ساتھ اللہ اور نبی کا پیغام سنا۔پورا نیوزی لینڈ اللہ اکبر کی صداؤں سے گونج اٹھا۔جہاں پچلے جمعے سفید فام دہشت گرد نے مسلمانوں کی تعداد کم کرنے کی کاروائی کی وہیں اگلے جمعے ہزاروں غیر مسلموں نے جمعہ کا خطبہ سنا