شاہ محمود قریشی سے افغان وزیر خارجہ کی ملاقات ، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

پاکستان افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام کے لئے اپنی مشترکہ ذمہ داری نبھاتا رہے گا ، شاہ محمود قریشی افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ، ملاقات میں افغان وزیر خارجہ صلاح الدین کی گفتگو

جمعہ 22 مارچ 2019 15:15

استنبول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی سے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کے دوران ملاقات کی جس میں افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن نہ صرف افغانستان کے لیے بلکہ پورے خطے کی تعمیر و ترقی کے لئے لازم و ملزوم ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم شروع دن سے افغان سربراہی مذاکرات کے حامی ہیں ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام کے لئے اپنی مشترکہ ذمہ داری نبھاتا رہے گا ۔ افغان وزیر خارجہ نے کہاکہ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ۔