بھارتی حکومت کوہالہ ہائیڈرل پراجیکٹس کو روکنے کی کوششوں میں مصروف ہے جبکہ مظفرآباد کے بعض افراد ملک دشمن دشمنی پر اتر آئے ہیں‘سردار تسلیم عباسی

اس پراجیکٹ کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ باز آجائیں نہیں تو کھاوڑہ کے لاکھوں عوام حلقہ چار کے ممبر اسمبلی سمیت سڑکوں پر آجائیں گے

جمعہ 22 مارچ 2019 15:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) کوہالہ ہاہیڈرل پراجیکٹس ایکشن کمیٹی کے چیئرمین سردار تسلیم عباسی اور راجہ ممتاز خان نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کوہالہ ہائیڈرل پراجیکٹس کو روکنے کی کوششوں میں مصروف ہے جبکہ مظفرآباد کے بعض افراد ملک دشمن دشمنی پر اتر آئے ہیں اور بھارتی منصوبے کو کامیاب بنانے میں مصروف عمل ہیں ۔

اس پراجیکٹ کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ باز آجائیں نہیں تو کھاوڑہ کے لاکھوں عوام حلقہ چار کے ممبر اسمبلی سمیت سڑکوں پر آجائیں گے ہماری شرافت کو کمزور ی نہ سمجھا جائے ہم کسی طور پر آزاد کشمیر کے اس گیم چینجر منصوبے کو سیاست کی نظر نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوہالہ پراجیکٹ ایک گیم چینجر ہے اس پراجیکٹ سے آزاد کشمیر کو سالانہ اربوں روپے کا ریونیو ملنے کے ساتھ 25 سال کے بعد یہ منصوبہ حکومت آزاد کشمیر کی ملکیت ہوگا اربوں روپے کے اس منصوبے کو آزاد کشمیر کی ملکیت میں آنے کے بعد خودکفالت حاصل ہوگی دریا میں اب 60فیصد پانی ہمہ وقت موجود رہے گا جبکہ منصوبے کی تعمیر سے پانچ لاکھ افراد کو براہ راست فائدہ ملے گا ،جبکہ اربوں روپے کی لاگت سے ٹنل کے متاثرہ گاں کو پینے کے پانی کے منصوبوں کی تکمیل کی جائے گیا ۔

انہوں نے کہا کہ سراں سے مظفرآباد تک تین جھیلیں بنائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان میں بجلی کی کمی پوری ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ کھاوڑہ کے عوام کوہالہ ہاہیڈرل پراجیکٹس کے حقیقی محافظ ہیں ۔اس قومی منصوبے کی مخالفت کر نے والے اس کو نیلم جہلم منصوبے کے ساتھ نہ جوڑیں اس منصوبے میں مظفرآباد کی بیوٹیکشن کیلئے اربوں روپے رکھے گئے ہیں ،کھاوڑہ اور دارالحکومت مظفرآباد کی تعمیر وترقی کے لئے کوہالہ ہاہیڈرل پراجیکٹس کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس قومی منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ،قومی مفادات کے پراجیکٹس کے خلاف سازشیں بند کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 1124میگا واٹ برسالہ واگڑویلی ،سراں انتہائی اہم اوراحساس قومی میگا پراجیکٹ ہے منصوبہ سے آزاد کشمیر کی معیشت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔یہ منصوبہ آزاد حکومت کی تعمیر وترقی کیلئے بڑی اہمیت کاحامل ہے ،انہوں نے کہا کہ منصوبے کی مخالفت کرنے والے دراصل آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی کے دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ کھربوں روپے کا منصوبہ 25سال کے بعد آزادکشمیر کی ملکیت ہوگا تو اس منصوبے کی مخالفت کی وجہ صرف اور صرف مظفرآباد اور کھاوڑہ سے دشمنی ہے۔