عمرے کو آئی خاتون کو انتہائی قابلِ رشک موت نصیب ہو گئی

طواف کعبہ کے دوران خاتون کی رُوح جسدِ خاکی سے پرواز کر گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 مارچ 2019 16:32

عمرے کو آئی خاتون کو انتہائی قابلِ رشک موت نصیب ہو گئی
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مارچ2019ء) ہر کلمہ گو کی مقدم ترین اور اولین خواہش یہی ہوتی ہے کہ اُسے خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ کا دیدار اور زیارت نصیب ہو۔ کئی لوگ یہ خواہش دِل میں لیے ہی دُنیا سے رخصت ہو جاتے ہیں جبکہ کئیوں کے دِل کی یہ اُمید عمرہ یا حج بیت اللہ کے موقع پر بر آتی ہے۔ یقیناًہر حجاز مقدس کی معطر اور پُرنور فضاؤں سے رُوح کو سرشار کرنے کا متمنّی ہے۔

ہمیں اکثر ایسے مسلمانوں سے بھی واسطہ پڑتے ہیں جو یہ دُعا کرتے ہیں کہ اُنہیں مکّہ معظمہ یا مدینہ منورہ کی مقدس سرزمین پر موت نصیب ہو اور اُسی متبرک مقام پر اُنہیں سپُرد خاک کیا جائے۔ ایک غیر مُلکی خاتون اس معاملے میں انتہائی خوش نصیب سعادت سے دوچار ہو گئی ہے۔ ہوا کچھ یوں کہ گزشتہ روز دُنیا بھر سے تشریف لائے لاکھوں فرزندانِ توحید خانہ کعبہ کا طواف کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اپنی مغفرت، دُنیاوی و اُخروی درجات کی بلندی اور اُمتِ مُسلمہ کی بالا دستی کے لیے خشوع و خضوع سے دُعائیں مانگ رہے تھے۔انہی خوش قسمت لوگوں میں سے ایک معمر خاتون بھی خانہ کعبہ کا طواف کر رہی تھی۔یہ خاتون طواف کعبہ کے دوران زمین پر گر گئی۔ نزع کے عالم میں اُس کی سانسیں اُکھڑنا شروع ہو گئیں۔ طبی امداد کا عملہ اُس کی بگڑتی حالت دیکھ کر فوراً وہاں پہنچا، مگر جو پاک سعادت اُس کے نصیب میں تھی، وہ مِل کر رہی۔

طبی امداد کے عملے نے دیکھا کہ یہ خاتون انتقال کر گئی ہے۔ اس رُوح پرور نظارے کے باعث حرم کا احاطہ اللہ اکبر، اللہ اکبر کی فلک شگاف صداؤں سے گونج اُٹھا۔ ہر معتمر اس خاتون کی مثالی موت پر رشک کا اظہار کرتا دکھائی دیا۔ بعد میں اس غیر مُلکی خاتون کی نعش کو کنگ فیصل اسپتال کے سرد خانے میں محفوظ کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :