راس الخیمہ میں ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں رعایت دے دی گئی

30 فیصد کی یہ رعایت صرف دو دِنوں کے لیے دی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 مارچ 2019 17:28

راس الخیمہ میں ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں رعایت دے دی گئی
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مارچ2019ء)راس الخیمہ کے ڈیپارٹمنٹ آف پبلک ورکس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ماحولیات سے متعلق تمام خلاف ورزیوں پر عائد جرمانے کی رقم پر 30 فیصد کی رعایت دی جا رہی ہے۔ یہ رعایت Happiness Day کی مناسب سے ہے۔ تاہم یہ رعایت صرف دو دِنوں یعنی 21 مارچ اور 22مارچ کے لیے ہے۔ یعنی آج سے رعایت ختم ہونے جا رہی ہے۔ سو جو لوگ آج جرمانے کی ادائیگی کر یں گے، اُنہیں 30 فیصد کی چھُوٹ مل جائے گی۔

ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے یہ وضاحت کی گئی ہے کہ یہ رعایت ہیوی ٹرکوں کے اُن ڈرائیورز کے لیے نہیں ہے جو ٹرکوں کا وزن کروانے والے اسٹیشن سے بھاگنے کی کوشش کے دوران پکڑے گئے۔ اس کے علاوہ آج اور گزشتہ روز ماحولیاتی خلاف ورزی پر ہونے والے جرمانے پر بھی رعایت نہیں دی جا رہی، بلکہ اس سے قبل کے جرمانوں پر رعایت ہو گی۔

(جاری ہے)

ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بتایا گیا ہی کہ رواں سال اب تک انسپکٹرز کی جانب 2,631 افراد کو ماحول کی خلاف ورزی کی بناء پر جرمانے عائد کیے گئے۔

جن میں زیادہ تر جرمانے قدرتی مقامات، وادیوں ا ور پہاڑوں میں کیے گئے ہیں، ان دلفریب مقامات میں جبلِ جیش اور ساحلِ سمندر بھی شامل ہیں جہاں پر ہزاروں افراد تفریح کی غرض سے امارات بھر سے تشریف لاتے ہیں۔ اسی وجہ سے ان مقامات پر اہلکاروں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے جو ان مقامات کے فطری حُسن کو برقرار رکھنے کی خاطر لوگوں پر خاص نظر رکھتے ہیں۔ جہاں کسی نے گندگی پھیلانے کی کوشش کی، وہیں اس کو جرمانے کا ٹکٹ تھما دیا جاتا ہے۔