جمہوریت ، انصاف اور امن کیلئے پرُ عزم ہیں، ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے مزید محنت درکار ہے ،ڈاکٹر عارف علوی

آج ہم بانیانِ پاکستان کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ایک مرتبہ پھر ان نظریات پر کاربند رہنے کا عزم کرتے ہیں جو نظریہ پاکستان کی بنیاد ہیں،صدر مملکت کا یوم پاکستان کے موقع پر پیغام

جمعہ 22 مارچ 2019 17:56

جمہوریت ، انصاف اور امن کیلئے پرُ عزم ہیں، ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان23مارچ2019ء کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23مارچ وہ تاریخی دن ہے جس دن برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک ایسے علیحدہ وطن کا جمہوری مطالبہ کرنے کے لیے متحد ہونے کا فیصلہ کیا جس میں وہ اپنی زندگیاں اپنی اقدارو روایات خصوصاً انصاف ، برابری اور آزادی سے گزارسکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس لیے آج اس موقع پر ہم بانیانِ پاکستان کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ایک مرتبہ پھر ان نظریات پر کاربند رہنے کا عزم کرتے ہیں جو نظریہ پاکستان کی بنیاد ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے غیر معمولی چیلنجز کا سامنا کیا اور سرخرو ہوا ۔انہوں نے کہا کہ قوم نے غیر معمولی حالات میں ہمیشہ استقامت کا مظاہرہ کیا ہے اور دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف مثالی کامیابیاں حاصل کی ہیں تاہم ہمیں ابھی تک سماجی و معاشرتی میدان میں چیلنجز کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

اس لیے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیں مزید محنت درکار ہے ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم جمہوریت ، انصاف اور امن کے لیے پرُ عزم ہیں ، ہمارے پاس افرادی قوت اور قدرتی وسائل ہونے کی وجہ سے بے پناہ صلاحیتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری منزل مقصود ایک ایسی ماڈل جمہوری ریاست کا حصول ہے جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے دیکھا تھا،آئیں ہم یقین محکم پر کاربند رہتے ہوئے متحد ہوں اور نظم و ضبط کے ساتھ محنت سے کام کرنے کا عزم کریں تاکہ پاکستان کو مزید مضبوط اور خوشحال بنایا جاسکے۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی رحمتوں سے نوازے ،آمین۔