پاکستان تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کا خواہاں ہے، صدر مملکت عارف علوی

بھارت قوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے پاکستان کے ساتھ بات چیت کرے، آذر بائیجان کے وزیردفاع سے گفتگو

جمعہ 22 مارچ 2019 18:14

پاکستان تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کا خواہاں ہے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کا خواہاں ہے، بھارت قوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے پاکستان کے ساتھ بات چیت کرے۔وہ جمعہ کو یہاں آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل ذاکر حسنوف اصغر اولو سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے جمعہ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر نے کہا کہ پاکستان اپنی علاقائی سالمیت کی قیمت پر نہیں بلکہ باہمی دلچسپی کے تمام تر امور پر بھارت سمیت تمام ممالک کے ساتھ بات چیت پر یقین رکھتا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ تمام دوست ممالک بھارت پر زور دیں کہ وہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے پاکستان کے ساتھ بات چیت کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

صدر نے یکم مارچ 2017ء کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی 13 ویں ای سی او سمٹ میں صدر الہام علیوف کی شرکت کو سراہتے ہوئے دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے جموں کشمیر کے مسئلہ پر آذربائیجان کی مسلسل حمایت کی بھی تعریف کی۔ صدر نے کہا کہ ہمارے دوطرفہ اقتصادی تعلقات موجودہ صلاحیت سے ہم آہنگ نہیں، باہمی تجارت کے حجم میں اضافے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے زراعت، مینوفیکچرنگ، خدمات کے شعبہ، ریڈی میڈ ملبوسات، کپاس کی مصنوعات، انجینئرنگ کی مصنوعات، ادویہ سازی، چاول، ٹیکسٹائل، سپورٹس مصنوعات، آلات جراحی سمیت مختلف شعبوں میں تجارت میں اضافہ اور باہمی تعاون کے امکانات تلاش کرنے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے ویزا نظام میں آسانی پیدا کرنے سے آذربائیجان سے سیاحوں اور کاروباری افراد کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

صدر نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کی صلاحیت اور مسلح افواج کے درمیان عسکری تربیت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پاک افغان سرحد پر عام لوگوں کے قانونی سفر میں سہولت پیدا کرتے ہوئے موثر بارڈر کنٹرول کا نظام بھی نصب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے خطے کو افغانستان کی تعمیر نو اور بحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ آذربائیجان کے وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ اور خوشگوار تعلقات استوار ہیں اور انہوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ صدر مملکت نے یوم پاکستان کی تقریبات میں آذربائیجان کی شرکت کو سراہتے ہوئے صدر الہام علیوف کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی۔