سانحہ کرائسٹ چرچ‘ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی مسلمانوں کی دلجوئی اور اظہار

یکجہتی کیلئے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کے اقدامات کی تعریف نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے اپنے عمل سے دنیا بھر کے مسلمانوںکے دل جیت لئے ہیں، جیسنڈا آرڈرن نے رواداری کا شاندار مظاہرہ کیا ہے اور اعلیٰ ظرفی سے یکجہتی اور یگانگت کی مثال قائم کی ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب

جمعہ 22 مارچ 2019 18:34

سانحہ کرائسٹ چرچ‘ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی مسلمانوں کی دلجوئی اور ..
․لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشت گرد حملے کے بعد مسلمانوں کی دلجوئی اور اظہار یکجہتی کیلئے بے مثال اقدامات پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی تعریف کی ہے اور وزیراعلیٰ نے ان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد اپنے عمل سے دنیا بھر کے مسلمانوںکے دل جیت لئے ہیں۔

جیسنڈا آرڈرن نے رواداری اور بھائی چارے کا شاندار مظاہرہ کیا ہے اور اپنے عمل سے عالمی سطح پر انتہا پسندی روکنے کا راستہ دکھایا ہے۔ جیسنڈا آرڈرن نے اپنے مثبت رویے اور اعلیٰ ظرفی سے یکجہتی اور یگانگت کی مثال قائم کی ہے اورنماز جمعہ کے اجتماع میں شرکت کر کے ثابت کیا ہے کہ دہشت گردی کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اذان جمعہ کو سرکاری ٹی وی اور ریڈیو پر براہ راست نشر کر کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی پر نیوزی لینڈ حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

نیوزی لینڈ میں شہداء کی یاد میں2منٹ کی خاموشی سے دہشت گردوںکے خلاف اتحاد کا پیغام دیاگیا ہے جس پر نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیسنڈا آرڈرن نے دہشت گرد سے نام واپس لے کر اس کے مذموم مقاصد کی نفی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہوگا۔