بیگم نصرت بھٹو کے نقش قدم پر چل کر صبر، برداشت کے اصولوں پر ثابت قدم رہتے ہوئے جمہوریت کا سورج غروب نہیں ہونے دینگے، آصف زرداری

ملک اور جمہوریت کیلئے مشکل حالات کا مقابلہ کرنا ہمیں مادر جمہوریت نے سکھایا ،پیپلزپارٹی ایسے عناصر کی مذاحمت کرتی رہے گی جو ڈکٹیٹرشپ کی پیداوار ہیں ، سابق صدر کا بیگم نصرت بھٹو کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت

جمعہ 22 مارچ 2019 18:57

بیگم نصرت بھٹو کے نقش قدم پر چل کر صبر، برداشت کے اصولوں پر ثابت قدم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پارٹی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے صبر اور برداشت کے اصولوں پر ثابت قدم رہتے ہوئے جمہوریت کا سورج کبھی بھی غروب ہونے نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں جو اپنا خاندان، خوشی اور زندگی وطن کے لئے قربان کر نے کا حوصلہ رکھتی ہیں۔ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے سفاک آمریتوں کی حوصلے اور بہادری سے مذاحمت کی۔ آئین اور جمہوریت کی بحالی کے لئے کٹھن اور مشکل حالات کا سامنا کیا۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک اور جمہوریت کے لئے مشکل حالات کا مقابلہ کرنا ہمیں مادر جمہوریت نے سکھایا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی ایسے عناصر کی مذاحمت کرتی رہے گی جو ڈکٹیٹرشپ کی پیداوار ہیں اور ان عناصر کو شکست دینے کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی جو مذہب کی آڑ میں اپنی مرضی قوم پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ پیپلزپارٹی ان قوتوں کا بھی مقابلہ کرتی رہے گی جو جمہوریت کو کمزور کرنے کے لئے عوام کی رائے پر ڈاکہ ڈالتے ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکن مادر جمہوریت کی روح سے یہ عہد کرتے ہیں کہ ملک کے دفاع، انسانی آزادی اور مضبوط جمہوری کلچر کے لئے جدوجہد کرتی رہے گی۔